دنیا

پاکستان میں فوجی اڈے کے قیام کی باتیں قیاس آرائیاں ہیں، چین

بیجنگ: چین نے پاکستان میں فوجی اڈے کے قیام کی خبروں کو قیاس آرائیاں قرار دے کر مسترد کردیا اور کہا ہے کہ ان رپورٹس میں کوئی صداقت نہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق رواں ماہ کے آغاز میں امریکی محکمہ دفاع پینٹا گون نے ایک رپورٹ جاری کی تھی جس میں اس بات کا اشارہ دیا گیا تھا کہ چین ممکنہ طور پر مستقبل میں پاکستان کے اندر اپنا فوجی اڈہ قائم کرسکتا ہے۔ پینٹاگون کی رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ افریقی ملک جبوتی میں فوجی اڈے کے قیام کے بعد چین دیگر ممالک میں بھی اپنے اڈے قائم کرنے کی منصوبہ بندی کررہا ہے۔

چینی وزارت دفاع کے ترجمان کرنل وو چیان سے جب نیوز بریفنگ کے دوران یہ پوچھا گیا کہ کیا چین پاکستان کے پورٹ سٹی گوادر میں بحری اڈہ بنانے کی منصوبہ بندی کررہا ہے تو انہوں نے کہا کہ یہ باتیں محض قیاس آرائیوں پر مبنی ہیں جب کہ انہوں نے اس سلسلے میں مزید کچھ کہنے سے گریز کیا۔ یاد رہے کہ جب چین نے جبوتی میں اپنا فوجی اڈہ قائم کیا تھا تو بھارت نے اس پر تشویش کا اظہار کیا تھا تاہم چین ہمیشہ اس بات کی تردید کرتا آیا ہے کہ وہ دنیا بھر میں اپنے فوجی اڈے قائم کرنے کا خواہاں ہے البتہ حالیہ برسوں میں چین اپنی فوج کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر رقم خرچ کررہا ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close