دنیا

داعش کے آخری ٹھکانوں پر بمباری، جلد موصل کا مکمل کنٹرول سنبھال لیں گے، فوجی کمانڈر

بغداد: عراق کے سرکاری تحویل میں کام کرنے والے ٹیلی ویژن نے ہفتے کے روز بتایا ہے کہ داعش کی دفاعی لائن کی شکست کے بعد توقع ہے کہ آئندہ چند ہی گھنٹوں کے اندر عراقی سکیورٹی فورسز موصل کا مکمل کنٹرول سنبھال لیں گی۔ ادھر رائٹرز ٹیلی ویژن عملے نے بتایا ہے کہ شہر میں باغیوں کے آخری محاذ پر فضائی حملوں اور توب خانے کے گولے برسائے جانے کے بعد اس مضبوط ٹھکانے سے دھویں کے سیاہ بادل اٹھ رہے ہیں۔ ایک ٹیلی ویژن انائونسر نے موصل کے قدیم شہر میں، دریائے دجلہ کے کنارے پر داعش سے نبردآزما سکیورٹی افواج کے ساتھ موجود چینل کے نمائندوں کے حوالے سے بتایا ہے کہ ”اب ہمیں ایسے اشارے مل رہے ہیں کہ حتمی فتح کا اعلان ہونے والا ہے۔” بقول اْن کے ”اب یہ کچھ ہی گھنٹوں کا معاملہ لگتا ہے۔”

ایک فوجی ترجمان کے حوالے سے ٹیلی ویژن نے بتایا ہے کہ باغیوں کا دفاعی حصار گرنے والا ہے۔ عراقی کمانڈر کہتے ہیں کہ باغی عناصر زمین کے چپے چپے پر لڑ رہے ہیں، جہاں نشانے باز، دستی بم پھینکنے والے اور خودکش بمبار سکیورٹی افواج کو مجبور کر رہے ہیں کہ وہ تنگ گلیوں اور گنجان آبادی والے اس علاقے کا رْخ کریں اور گھروں کے اندر سے کئے جانے والے فائر کا جواب دیں۔ عراق میں موصل داعش کا فی الواقع دارالخلافہ بنا رہا ہے۔ امدادی تنظیموں کے مطابق کئی ماہ سے شہری علاقے میں جاری رہنے والی اس لڑائی میں اب تک 900000 افراد بے دخل ہوچکے ہیں، جو لڑائی شروع ہونے سے قبل کی آبادی کے نصف کے برابر ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close