دنیا

وزیراعظم کی عالمی اقتصادی فورم کے چیئرمین سے ملاقات

نیویارک: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے نیویارک میں عالمی اقتصادی فورم کے چیئرمین کلاس شواب سے ملاقات کی جس میں پاکستان میں سرمایہ کے مواقع کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ملاقات کے دوران وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے موقعوں کے حوالے سے چیئرمین عالمی اقتصادی فورم کو آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نہ صرف پبلک سیکٹر پر توجہ دے رہی ہے بلکہ نجی شعبے کے فروغ کے لیے بھی کام کر رہی ہے کیوں کہ پرائیویٹ سیکٹر ملکی ترقی میں انجن کی مانند ہے۔ کلاس شواب نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کے بڑے مواقع موجود ہیں، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کلاس شواب کی اس بات سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ ہم مغرب کی جانب سے سرمایہ کاری کے اضافی وسائل کے بھی منتظر ہیں۔ ملاقات میں پاکستان چائنا اقتصادی راہداری منصوبے پر بھی بات ہوئی اور وزیراعظم شاہد خاقان نے کہا کہ پاک چائنا اقصادی راہداری چین کی جانب سے بڑی سرمایہ کاری ہے جس سے ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔ خیال رہے کہ شاہد خاقان عباسی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں شرکت کے لیے نیویارک میں موجود ہیں اور وہاں وہ مختلف ممالک کے سربراہان سے بھی ملاقاتیں کرچکے ہیں۔ شاہد خاقان عباسی جنرل اسمبلی سے 22 ستمبر صبح 3 بجے خطاب کریں گے۔ امکان ہے کہ وہ اپنے خطاب میں دہشت گردی، مسئلہ کشمیر اور روہنگیا مسلمانوں کے معاملے کو اٹھائیں گے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close