دنیا

ایٹمی سائٹ پہ حادثہ، تابکاری کے اخراج کا اندیشہ، 200 مزدور ہلاک

پیانگ یانگ: شمالی کوریا میں ایٹمی سائٹ پہ سرنگ بیٹھنے سے دو سو مزدور ہلاک ہوگئے ہیں۔ ایٹمی تجربے کے مقام پر کھودی جانے والی سرنگ اچانک بیٹھنے سے 200 مزدور ہلاک ہوئے ہیں اور بڑے پیمانے پر تابکاری کے اخراج کا خطرہ ہے۔ جاپانی میڈیا کے مطابق شمالی کوریا میں ایٹمی تجربے کے مقام ’پنگیری‘ میں زیر تعمیر سرنگ کا آدھا حصہ بیٹھ گیا، جس کے نتیجے میں اس میں موجود 100 مزدور دب گئے۔ حکام نے دبے ہوئے مزدوروں کو نکالنے کے لیے 100 کارکنوں پر مشتمل امدادی ٹیم روانہ کی، تو سرنگ کا باقی ماندہ حصہ بھی بیٹھ گیا اور کوئی بھی شخص زندہ باہر آنے میں کامیاب نہ ہو سکا۔ یہ واقعہ چند روز قبل پیش آیا، تاہم اس کی خبر ذرائع سے آج سامنے آئی ہے کیونکہ شمالی کوریا میں میڈیا آزاد نہیں اور صرف سرکاری ذریعے سے جاری کردہ اطلاعات ہی نشر کی جاتی ہیں۔ ایٹمی تجربے کے مقام پر پیش آنے والے اس حادثے کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر تابکاری کے اخراج کا خطرہ ہے۔ شمالی کوریا نے کچھ عرصہ پہلے ہی اسی مقام پر زیرزمین طاقتور ترین نیوکلیئر بم کا چھٹا تجربہ کیا ہے جس کے بعد ایک وسیع علاقے میں زلزلے کے جھٹکے بھی محسوس کیے گئے تھے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close