دنیا

مقبوضہ کشمیر میں داعش کی موجودگی خارج از امکان ہے، راجناتھ سنگھ

نئی دلی: بھارت کے وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے مقبوضہ کشمیر میں داعش کی موجودگی کو خارج از امکان قرار دیتے ہوئے جنگجوؤں کی صفوں میں شامل ہوئے نوجوانوں سے مین اسٹریم میں شامل ہونے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی معقول معاونت کی جائے گی۔ وارانسی اتر پردیش میں نامہ نگاروں کے ساتھ گفتگو کے دوران بھارتی وزیر داخلہ نے کشمیر میں داعش کی موجودگی کے امکان کو خارج کردیا۔ راجناتھ سنگھ نے کشمیر میں داعش کی سرگرمیوں پر تبصرہ کرتے ہوئے دوٹوک الفاظ میں کہا ’’ایسی رپورٹوں کی کوئی تصدیق نہیں ہوئی ہے، سیکورٹی ایجنسیاں اس معاملے کی تحقیقات کررہی ہیں اور اس بارے میں حکومت کو رپورٹ پیش کئے جانے کے بعد ہی کوئی حتمی رائے قائم کی جاسکتی ہے‘‘۔

بھارتی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ بھارت کے مسلمان داعش جیسی تنظیم کو ملک میں اپنی جڑیں مضبوط کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا ’’مجھے ملک کے نوجوانوں پر پورا اعتماد ہے کہ وہ آئی ایس آئی ایس کے ہاتھوں گمراہ نہیں ہوں گے‘‘۔ راجناتھ سنگھ نے کہا ’’ایک بھارتی مسلمان جو اسلام میں یقین رکھتا ہے، داعش جیسی تنظیم کو ملک میں اپنی بنیاد قائم کرنے کا موقعہ فراہم نہیں کرے گا‘‘۔ انہوں نے یہ بات دہرائی کہ جموں کشمیر کے لئے مذاکرات کار کی تقرری کے باوجود جنگجوؤں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور اس حوالے سے بقول ان کے کسی قسم کی کوئی کوتاہی نہیں برتی جائے گی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close