دنیا

فرانس کا بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے سے انکار

پیرس: فرانس نے مقبوضہ بیت المقدس (یروشلم) کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے سے انکار کر دیا۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون نے صیہونی وزیراعظم نیتن یاہو سے ملاقات کے دوران مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے سے انکار کر دیا۔ امریکا کی جانب سے بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے فیصلے کے بعد اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو اپنے پہلے دورے پر یورپ پہنچے جہاں پیرس میں انھوں نے فرانس کے صدر سے ملاقات کی۔ بعدازاں فرانسیسی صدر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اسرائیلی وزیراعظم پر واضح کیا ہے کہ مقبوضہ بیت المقدس پر امریکی صدر کا یکطرفہ فیصلہ خطے کے امن کیلئے خطرناک ہے جس کی فرانس مخالفت کرتا ہے۔ فرانسیسی صدر نے اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو پر زور دیا کہ فلسطینی علاقوں میں غیر قانونی یہودی آباد کاری کے منصوبوں کو فوری روکا جائے اور اس فیصلے سے یہ تاثر ملے گا کہ اسرائیل قیام امن کے لئے سنجیدہ ہے۔ فرانسیی صدر کے بیان پر ردعمل میں اسرائیلی وزیراعظم نے کہا کہ یروشلم ہزاروں سال سے سرائیل کا دارالحکومت ہے، فلسطینیوں کو یہ حقیقت تسلیم کر لینا چاہیے، جتنی جلدی اس حقیقت کو تسلیم کیا جائے گا اتنی ہی جلد ہم امن کی جانب بڑھیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ جلد یا بدیر فلسطینی بھی اس حقیقت کو تسلیم کر لیں گے کہ بیت المقدس اسرائیل کا دارالحکومت ہے اور بہت جلد دنیا میں امن ہو جائے گا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close