دنیا

برازیل کی کابینہ میں تمام مرد ہیں

برازیل کی معطل صدر جیلما روسیف نے اپنے سابق نائب صدر مائیکل ٹیمر کی نئی عبوری حکومت کی تشکیل پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس میں تمام سفید فام مرد سیاستدان ہیں۔

خیال رہے کہ سنہ 1979 کے بعد یہ برازیل کی پہلی ایسی کابینہ ہے جس میں کوئی خاتون نہیں ہے۔

جیلما روسیف نے کہا کہ نئی حکومت ملک کی نمائندگی نہیں کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی حکومت میں 31 وزرا تھے جن میں سے سات خواتین تھیں۔

دوسری جانب برازیلی حکومت کے چیف آف سٹاف نے کہا ہے کہ وہ کابینہ کے لیے کسی خاتون کو تلاش کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ انھوں نے کہا ہے کہ کابینہ کی تشکیل سخت شیڈیول کے تحت کی گئی ہے۔

برازیلی حکومت کے چیف آف سٹاف کے مطابق ہمیں خواتین کی ضرورت تھی لیکن ہم کئی وجوہات کے سبب انھیں یہاں نہیں لاسکے، ہم نے اس پر غور کیا اور یہ ممکن نہیں تھا۔

انھوں نے کہا کہ ہم خواتین کو حکومت میں شامل کریں گے، ان عہدوں پر جو وزارتوں کے لیے استعمال ہوں، اب ایک ہی کام کرنا پڑے گا لیکن مختلف نام سے۔

برازیل کی معطل صدر جیلما روسیف نے جمعے کو صدارتی محل میں، جہاں وہ اپنے خلاف مواخذے کی تحریک کے دوران رہیں گی، صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا ’اگر آپ سچے دل سے ملک کی تعیر کرنا چاہتے ہیں تو اس کے لیے سیاہ فام اور خواتین بنیاد ہیں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ان کے خیال میں حکومت واضح طور پر معیشت میں نیو لبرل لیکن ’سماجی اور ثقافتی سطح پر انتہائی قدامت پسند بننے جا رہی ہے۔‘

اس سے قبل برازیل کے نئے عبوری صدر مائیکل ٹیمر نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’معیشت کو قوت فراہم کرنا ان کا اہم کام ہے۔‘

مائیکل ٹیمر کے مطابق ’معیشت کو پروان چڑھانے اور نئی سرمایہ کاری کو متوجہ کرنے کے لیے ملک کی ساکھ کو درون ملک اور بیرون ازسرِ نو قائم کرنے کی ضرورت ہے۔‘

برازیل کے عبوری صدر کے مطابق کہ برازیل ابھی بھی ایک غریب ملک ہے اور وہ سماجی پروگراموں کو تحفظ دیں گے۔

حکومت کے معاشی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آئی پی ای اے کے مطابق سنہ 2013 میں برازیل کی آبادی میں سفید فام مرد 22 فی صد ہیں جبکہ خواتین کا فیصد 51 رہا۔

واضح رہے کہ برازیل گذشتہ دس برسوں سے بدترین بحرانی دور سے گزر رہا ہے جہاں سنہ 2015 میں بیروزگاری کی شرح نو فیصد تھی اور مہنگائی گذشتہ 121 سال میں بلندترین سطح پر پہنچ چکی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close