دنیا

پاک ایران وزرائے دفاع گفتگو: پاک آرمی چیف کا ایران دورہ تعلقات کے فروغ کیلئے سنگ میل

تہران: ایرانی وزیر دفاع بریگیڈیر جنرل امیر حاتمی نے جمعرات کے روز اپنے پاکستانی ہم منصب خرم دستگیر خان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کے فروغ بالخصوص دفاعی شعبے میں دونوں ممالک کے تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستانی آرمی چیف کے حالیہ دورہ ایران دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لئے ایک سنگ میل ہے.

ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی وزیر دفاع نے اس بات پر زور دیا کہ خطے کی صورتحال اور مسلم امہ کے مسائل کو مد نظر رکھتے ہوئے پاک ایران تعاون اور عالم اسلام کے درمیان باہمی مشاورت کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔ بریگیڈیر جنرل حاتمی نے کہا کہ امریکہ صہیونی پالیسی کے ذریعے خطے کو عدم استحکام کا شکار کررہا ہے.

انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان میں بڑھتی ہوئی دہشتگردی اور منشیات کی پیداوار میں اضافے، خطے کی ابتر صورتحال، اور افغانستان، یمن، عراق اور شام میں روزانہ متعدد معصوم افراد کے قتل عام امریکہ کی شیطانی اور احمقانہ پالیسی کا نتیجہ ہے۔

امیر حاتمی نے مزید کہا کہ ایران اور پاکستان عسکری اور دفاعی شعبوں میں باہمی تعاون کو بڑھانے کے لئے اچھی صلاحیت رکھتے ہیں لہذا ان مواقع سے استفادہ کرنا چاہئے۔

اس موقع پر پاکستان کے وزیر دفاع نے پاک ایران تعلقات کے فروغ بالخصوص دفاعی تعاون کی توسیع کا خیرمقدم کیا۔

خرم دستگیر خان نے دونوں ممالک کے درمیان علاقائی صورتحال پر باہمی مشاورت بالخصوص دفاعی حکام کے درمیان مذاکرات کے سلسلے کو مزید بڑھانے پر زور دیا۔

انہوں نے پاکستان کے خلاف ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ ٹوئٹر بیانات پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی ممالک اپنے دفاع اور سلامتی کے لئے آزاد ہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close