دنیا

مصری مسافر طیارہ لاپتہ، بحیرۂ روم میں تلاش جاری

مصر کے ایوی ایشن کے حکام کا کہنا ہے کہ مصر کا ایک ہوائی جہاز فرانس کے دارالحکومت پیرس سے قاہرہ جاتے ہوئے لاپتہ ہوگیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ رات کے وقت یہ طیارہ مشرقی بحیرہ روم کے اوپر 37000 فٹ کی بلندی پر محوِ پرواز تھا جب اچانک ریڈار سے غائب ہو گیا۔

ایئر بس اے 320 میں 56 مسافر، تین سکیورٹی اہلکار اور عملے کے 10 ارکان سوار تھے۔ یہ 20 منٹ بعد مصر کے دارالحکومت میں لینڈ کرنے ہی والا تھا۔

بتایا گیا ہے کہ مسافروں میں تین بچے بھی شامل ہیں۔

ایجپٹ ایئر نے جہاز پر سوار افراد کی شہریت کے بارے میں معلومات فراہم کر دی ہیں۔ جن کے مطابق ان میں 15 فرانسی، 30 مصری، دو عراقی، جبکہ برطانیہ، بیلجیئم ، پرتگال، چاڈ، سوڈان، الجیریا ، کینیڈیا، کویت اور سعودی عرب کا ایک ایک باشندہ شامل ہیں۔

جہاز مصر کی فضائی حدود میں 10 میل اندر آ چکا تھا۔ علاقے میں خراب موسم کے متعلق کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔

مصری حکام کا کہنا ہے کہ وہ آخری بار طیارے کے ریڈار پر دکھائی دیے جانے والے علاقے میں تلاش کے لیے جیٹ طیارے بھیجے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ یونان کے حکام سے بھی اس حوالے سے رابطہ کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ اس سے پہلے مارچ میں ایک ذہنی بیمار شخص نے سابقہ بیوی سے ملنے کے لیے مصر کی اسی فضائی کمپنی ’ایئرایجپٹ‘ کی پرواز ایم ایس 181 کو مصر کے شہر سکندریہ سے قاہرہ جاتے ہوئے ہائی جیک کر لیا تھا۔ یہ جہاز قبرص لے جایا گیا تھا۔ جہاز کو ہائی جیک کرنے والے شخص نے بظاہر جو خود کش جیکٹ پہنی تھی وہ جعلی تھی اور انھیں گرفتار کر لیا گیا تھا۔

اس سے پہلے گذشتہ سال ایک روسی جہاز شرم الشیخ میں گر کر تباہ ہو گیا تھا۔ اس میں سوار 224 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ ماسکو نے بتایا تھا کہ جہاز میں دھماکہ خیز مواد تھا۔ دولتِ اسلامیہ نے دعوی کیا تھا کہ انھوں نے اس جہاز کو مار گرایا ہے

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close