دنیا

بھارت ایسے اقدامات سے باز رہے جن سے صورتحال خراب ہو، چین کا انتباہ

بیجنگ: چین کا کہنا ہے کہ بھارت ایسے اقدامات سے باز رہے جن سے صورتحال خراب ہو کیونکہ بھارتی آرمی چیف کا بیان غیر تعمیری اور سرحدوں پر امن قائم کرنے کے خلاف ہے۔بیجنگ میں پریس بریفنگ کے دوران چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لوکینگ کا کہنا ہے کہ بھارتی آرمی چیف جنرل بپن راوت کابیان غیر تعمیری، دونوں ممالک کے رہنماؤں کے درمیان تعلقات کو معمول پر لانے کے لیے ہونے والے اتفاق رائے اور سرحدوں پر امن قائم کرنے کے خلاف تھا، گزشتہ سال برکس اجلاس میں دونوں ممالک کے وزرائے اعظم نے تعلقات کو معمول پر لانے کے لیے اتفاق کیا تھا جب کہ حالیہ دنوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں بہتری بھی دیکھنے میں آئی تھی۔چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ بھارتی آرمی چیف کی جانب سے اس طرح کے غیر تعمیری ریمارکس دو طرفہ تعلقات میں بہتری کے لیے ہونے والے اقدامات کے خلاف ہے، ایسے ریمارکس سرحد پر امن و سکون کسی صورت قائم نہیں رکھ سکتے۔ چین اور بھارت اہم ہمسائے ہیں، دونوں کو باہمی اسٹریٹیجک تعلقات کو بڑھانا چاہیے، اس لئے بھارت پر زور دیتے ہیں کہ وہ ایسے اقدامات کرے جن سے سرحدوں پر امن قائم رہے اور باہمی تعلقات میں بہتری آئے، وہ ایسے اقدامات سے باز رہے جن سے صورتحال خراب ہو۔واضح رہے کہ چند روز قبل پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی آرمی چیف جنرل بپن راوت کا کہنا تھا کہ چین طاقتور ملک ہے اور بھارتی سرحدوں پر دباؤ بڑھا رہا ہے لیکن بھارت بھی کمزور نہیں، سرحد پر چین سے خطرات کا سامنا ہے لیکن بھارتی فوج کسی بھی چینی جارحیت کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور وقت آگیا ہے کہ وہ اپنی توجہ شمالی سرحد پر مرکوز کرے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close