دنیا

ہیلری نے اپنی ای میل کی سکیورٹی کا ٹھیک انتظام نہیں کیا

امریکی محکمۂ خارجہ کی جانب سے کی جانے والی ایک انکوائری نے ہیلری کلنٹن اور دوسرے سابق امریکی وزرائے خارجہ پر الزام لگایا ہے کہ ان کی ای میل کی سکیورٹی کے انتظامات خراب تھے۔

امریکی انسپیکٹر جنرل کے مطابق ہیلری کلنٹن سرکاری ریکارڈ رکھنے کے اصولوں پر عملدرآمد کرنے میں ناکام رہیں اور انھوں نے منظوری لیے بغیر سرکاری کاموں کے لیے اپنے ذاتی ای میل اکاؤنٹ کا استعمال کیا۔

امریکی محکمۂ خارجہ کی جانب سے کی جانے والی انکوائری کے مطابق سرکاری ریکارڈ رکھنے کے اس طریقۂ کار میں ’طویل عرصے سے نظام کی کمزوریاں پائی جاتی ہیں‘ اور یہ ان کے دورِ اقتدار سے پہلے سے ہے۔

اس انکوائری پر اپنا ردِ عمل دیتے ہوئے ہیلری کلنٹن کا کہنا ہے کہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ اپنے پیشروؤں سے مختلف نہیں تھیں۔

ہیلری کلنٹن کی مہم کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ کچھ عرصے سے پیش کی جانے والی جھوٹی باتوں کے برعکس اس رپورٹ سے یہ پتہ چلتا ہے کہ ہیلری کلنٹن کے سرکاری ای میل کو ذاتی استعمال میں لانے کا علم حکام کو تھا۔

بیان کے مطابق اس بات کے شواہد نہیں ملے کہ ان کی ای میل کے سرور میں کامیابی سے مداخلت کی گئی۔

امریکہ کی ڈیموکریٹک پارٹی کی ممکنہ صدارتی امیدوار کی جانب سے سرکاری کاموں کے لیے ذاتی ای میل کا استعمال کا موضوع انتخابی مہم میں بھی رہا ہے تاہم ان کے ناقدین کا کہنا ہے کہ ہیلری کلنٹن یہ سمجھتی ہیں کہ وہ قانون سے بالا تر ہیں۔

ہیلری کلنٹن کا کہنا ہے کہ انکوائری سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ انھوں نے بھی دیگر سابق سیکریٹریوں کی طرح ’اپنا ذاتی ای میل استعمال کیا‘ اور ان کا یہ عمل ’منفرد نہیں‘ تھا۔

امریکی محکمۂ خارجہ کے ترجمان مارک ٹونر کا کہنا ہے کہ رپورٹ سے یہ واضح ہوتا ہے کہ ایجنسی ای میل اور ریکارڈز کو محفوظ بنانے کے لیے مزید بہتر کام کر سکتی تھی۔

مارک ٹونر کے مطابق اس بات کا کوئی ثبوت نہیں ملا کہ ہیلری کلنٹن کی ای میل کے سرور میں کامیابی سے مداخلت کی گئی۔

امریکہ کا وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی بھی اس حوالے سے تحقیق کر رہا ہے تاہم اس نے ابھی تک ہیلری کلنٹن کا اس حوالے سے انٹرویو نہیں لیا۔

ہیلری کلنٹن نے اپنے ذاتی ای میلز میں کسی بھی خفیہ معلومات کو ہینڈل کرنے سے انکار کیا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close