دنیا

بھارتی شہر متھرا میں تجاوزات کیخلاف آپریشن، 2 اعلیٰ پولیس افسران سمیت 24 افراد ہلاک

نئی دلی: بھارتی ریاست اترپردیش کے ضلع متھرا میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران پولیس اور مظاہرین کے مابین دوطرفہ فائرنگ کے تبادلے میں ایس پی پولیس سمیت 2 اہلکار اور 22 مظاہرین ہلاک ہوگئے جن میں خواتین بھی شامل ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق الہ آباد ہائیکورٹ کے حکم پر پولیس کی بھاری نفری ضلع متھرا کے جواہرباغ کے علاقے سے تجاوزات کے خاتمے کے لئے پہنچی تو علاقہ مکینوں نے احتجاج شروع کردیا اور پولیس پر پتھراؤ بھی کیا تاہم جب معاملہ سنگین ہوا تو رہائشیوں نے اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں سپرنٹنڈنٹ پولیس سمیت 2 اہلکار موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔ پولیس نے مظاہرین کی جانب سے فائرنگ کا بھرپور جواب دیتے ہوئے مورچے بنا کر ان پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں خواتین سمیت 22 مظاہرین ہلاک ہوگئے۔

پولیس کے ضلعی افسرجاوید احمد نے تصدیق کی ہے کہ پولیس کو تجاوزارت کے خلاف جاری آپریشن میں بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑا جس میں ایس پی مکل دیودی اور ایس ایچ او سنتوش یادیو ہلاک ہوگئے جب کہ 22 مظاہرین جوابی فائرنگ میں مارے گئے جن میں خواتین بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن کے دوران علاقے سے 47 پستول، 6 رائفلز اور 178 دستی بم برآمد کئے گئے ہیں۔

پولیس کے مطابق علاقہ خالی کرانے کی نفری پہنچی تو وہاں بعض لوگوں نے تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن کے دوران قابضین کو اکسایا تاہم وہ فائرنگ کے دوران ہلاک ہوئے یا نہیں اس حوالے سے کچھ کہنا قبل از وقت ہے۔ پولیس افسر راجیش کمار کے مطابق مظاہرین دستی بموں اور جدید اسلحہ سے لیس تھے جنہوں نے درختوں پر بیٹھ کر پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا۔

دوسری جانب اترپردیش کے وزیراعلی نے معاملے کی تحقیقات کے احکامات جاری کردیئے جب کہ مرکزی حکومت نے ریاستی حکومت سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق دو سال قبل جواہر باغ پرجن لوگوں نے قبضہ کیا وہ  ’’آزاد بھارت ودھک ویچارک کرانتی ستیاگڑھی‘‘ نامی تنظیم کے رضاکار ہیں اوریہ خو کو بھارت کی آزادی کے معروف رہنما سبھاش چندر بوس کا پیروکار بتاتے ہیں،ان کا مطالبہ ہے کہ بھارت میں صدر اور  پارلیمانی نظام نہیں ہونا چاہئے اور ملکی کرنسی کو آزاد ہند فوج کرنسی سے تبدیل کیا جائے جب کہ  ڈیزل ایک روپے میں 60 لیٹر اور پیٹرول ایک روپے میں 40 لیٹر تک فروخت کیا جائے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close