Featuredدنیا

ہمارے فوجی کو سزا ہوئی تو عالمی عدالت کے ججز کو گرفتار کرلیں گے، امریکی دھمکی

دی ہیگ: امریکا نے عالمی فوجداری عدالت کے ججز کو گرفتار اور ان پر پابندیاں عائد کرنے کی دھمکی دے دی ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر کے مشیر برائے قومی سلامتی جان بولٹن نے انٹرنیشنل کرائم کورٹ کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے کورٹ کے ججوں کی گرفتاری سمیت پابندیاں عائد کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ انہوں نے کورٹ پر امریکیوں کے ساتھ امتیازی سلوک برتنے کا بھی الزام عائد کیا۔

امریکی مشیر جان بالٹن کا مزید کہنا تھا کہ امریکا اپنے شہریوں، رضاکاروں اور افسران کی حفاظت کرنا جانتا ہے اور ہماری پہلی ترجیح اپنے شہریوں کی حفاظت کرنا ہے۔ اگر عالمی فوجداری عدالت امریکی، اسرائیلی یا اتحادی اہلکاروں کے خلاف کارروائی کرے گی تو خاموش نہیں بیٹھیں گے۔
جان بولٹن نے مزید کہا کہ افغانستان میں تعینات امریکی افسران کے خلاف فیصلہ آیا تو عالمی فوجداری عدالت کے ججوں پر امریکا میں داخلے پر پابندی کر دیں گے۔ ججوں اور پراسیکیوٹرز کو گرفتار کر کے امریکی نظام انصاف کے تحت کارروائی کریں گے جب کہ عالمی فوجداری عدالت کو دی جانے والی مالی امداد بھی بند کردی جائے گی۔

امریکا کی جانب سے انٹرنیشنل کرائم کورٹ پر پابندیاں عائد کرنے کا معاملہ اُس وقت سامنے آیا ہے جب اس کورٹ میں امریکی افسران کو 2016 میں افغانستان میں قیدیوں کے ساتھ غیر انسانی سلوک اور زیادتی پر مقدمات کا سامنا ہے۔

امریکی مشیر برائے قومی سلامتی کا موقف ہے کہ انٹرنیشنل کرائم کورٹ سے جنگی جرائم پر نہ تو افغانستان نے تحقیقات کی درخواست کی اور نہ عدالت کے چارٹر پر دستخط کرنے والے کسی اور ملک نے اس کیس کو چلانے کا کہا تھا اس لیے عدالت یہ کیس چلانے کی مجاز ہی نہیں۔

دوسری جانب انٹرنیشنل کرائم کورٹ نے دوٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عدالت کو دنیا میں کسی بھی شورش زدہ یا جنگ کے دوران ہونے والی نسل کشی، جنگی جرائم اور انسانیت سوز مظالم پر ازخود مقدمہ چلا سکتا ہے۔

واضح رہے کہ عالمی فوجداری عدالت (International Crime Court) نسل کشی، جنگی جرائم اور انسانیت سوز مظالم کی تحقیقات کرنے اور متاثرین کو انصاف مہیا کرنے کے لیے 2002 میں قائم کی گئی تھی۔ برطانیہ سمیت 123 ممالک عدالت سے جڑ گئے تاہم امریکا نے خود کو تاحال علیحدہ رکھا ہوا ہے

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close