دنیا

افغانستان میں انتخابات کا دوسرا دن، دہشتگردی کے واقعات میں 12 افراد ہلاک

کابل:افغانستان میں پارلیمانی انتخابات کے دوسرے دن بھی عسکریت پسندوں نے پولنگ کے عمل کو دہشتگردی کا نشانہ بنایا, بم دھماکے میں بچوں سمیت 12 افراد ہلاک ہوگئے۔امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق تکنیکی مسائل اور دہشت گردی کے خطرات کے باوجود افغانستان میں دوسرے روز پارلیمانی انتخابات جاری ہیں۔

آزاد الیکشن کمیشن (آئی ای سی) چیئرمین عبدالبدیع سیات کا کنہا ہے کہ 30 لاکھ رجسٹرڈ ووٹرز نے ہفتے کو اپنا حقِ رائے دہی استعمال کیا جس میں سب سے زیادہ ٹرن آؤٹ کابل میں جبکہ سب سے کم ٹرن آؤٹ جنوبی صوبے ارزغان میں رہا ہے۔

افغانستان کے 4 سو سے زائد پولنگ اسٹیشنز پر اتوار 21 اکتوبر کو ووٹنگ کا عمل جاری رہے گا جس میں صرف کابل کے ہی 45 پولنگ اسٹیشن شامل ہیں۔

اے ایف پی کے مطابق اب تک افغانستان میں انتخابی عمل کے دوران ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی تعداد 200 ہوگئی ہے۔

افغانستان میں اقوامِ متحدہ کے امداد مشن (یو این اے ایم اے) کا کہنا تھا کہ انہیں بڑی تعداد میں ووٹ ڈالنے کے لیے نکلنے والے افغان شہریوں نے ان کی حوصلہ افزائی کی۔

طلوع نیوز کی رپورٹ کے مطابق یو این اے ایم اے نے اپنے بیان میں لوگوں سے کہا ہے کہ اگر انہیں انتخابی عمل کے دوران کسی دھوکہ دہی جیسے صورتحال کا سامنا ہو تو وہ فوری طور پر الیکٹرول کنٹرول کمیشن کو اس کی اطلاع دیں۔

یہ افغانستان میں ہونے والے تیسرے عام انتخابات ہیں اور طالبان کی دھمکیوں اور ملک میں امن عامہ کی خراب صورتحال کی وجہ سے موجودہ انتخابات پہلے ہی ساڑھے تین سال تاخیر سے منعقد ہو رہے ہیں۔

طالبان کی جانب سے دھمکیوں اور انتخابی مہمات پر کیے گئے جان لیوا حملوں کی وجہ سے ووٹرز ٹرن آؤٹ بہت کم رہا۔

یاد رہے کہ انتخابات میں شریک تقریباً ڈھائی ہزار امیدواروں میں سے کم از کم 10 الیکشن سے قبل کیے گئے حملوں میں ہلاک ہوگئے تھے۔

افغانستان میں عام انتخابات کے دن (20 اکتوبر کو) بم دھماکے اور مختلف پرتشدد واقعات میں سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 28 افراد ہلاک اور 150 سے زائد زخمی ہو گئے۔

ان واقعات کے بعد متعدد جگہوں پر پولنگ کا عمل روک دیا گیا تھا تاہم ان علاقوں میں اتوار کو دوبار پولنگ کروانے کا اعلان کیا گیا تھا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close