دنیا

لوئر اورکزئی میں خودکش حملہ کی سلامتی کونسل میں مذمت

سلامتی کونسل کی جانب سے کراچی میں چینی قونصل خانے اور لوئراورکزئی خودکش دھماکے کی مذمت کی گئی ہے۔

سلامتی کونسل اراکین نے اپنے پیغام میں دہشت گردوں کے خلاف کراچی میں فوری کارروائی پر اہلکاروں کی تعریف اور جاں بحق افراد کے لواحقین اور حکومت پاکستان سے تعزیت کا اظہار اور زخمیوں کی جلد ، مکمل صحتیابی کی خواہش کا اظہار بھی کیا ہے۔

جاری بیان میں سلامتی کونسل کے اراکین کا مزید کہنا تھا کہ اورکزئی میں قیمتی جانوں کے ضائع پر افسوس ہے، ہر قسم کی دہشت گردی عالمی امن اور سلامتی کے لیے خطرہ ہے، ذمے داروں، سہولت کاروں اور مالی معاونت کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔

سلامتی کونسل کے ارکان نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ہر قسم کی دہشت گردی بین الاقوامی امن اور سلامتی کے لیے انتہائی سنگین خطرات کا باعث ہے۔

سلامتی کونسل کے ارکان کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردی کا کوئی بھی حربہ مجرمانہ حرکت ہے، جس کی کوئی گنجائش نہیں، چاہے اس کا محرک کچھ بھی ہو، یہ کہیں بھی ہو، کبھی بھی سرزد ہو اور چاہے اِس میں کوئی بھی ملوث ہو۔

سلامتی کونسل کے ارکان نے اس بات کا بھی اعادہ کیا کہ کی کسی مذہب اور معاشرے میں کوئی گنجائش نہیں۔ سلامتی کونسل نے اپنے پیغام میں اقوام متحدہ کے ممبر ممالک کو دہشت گردی کیخلاف جاری جنگ میں پاکستان سے مکمل تعاون اور مدد پر بھی زور دیا۔

واضح رہے اورکزئی کے مرکزی بازار کلایہ میں جمعہ کی صبح ہونے والے خود کش حملے میں 35 افراد شہید، جب کہ 30 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔ خودکش دھماکا اس وقت کیا گیا، جب بازار میں لوگوں کا رش تھا اور لوگ معمول کی خریداری میں مصروف تھے۔

دوسری جانب جمعہ کے روز ہی کراچی میں ہائی سیکیورٹی زون میں واقع چینی قونصل خانے پر ہونے والا دہشت گردوں کا حملہ سیکیورٹی پر مامور گارڈز نے ناکام بنا دیا۔ حملہ روکنے کے دوران دو اہل کاروں نے جام شہادت نوش کیا، جب کہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے کوئٹہ سے ویزے کیلئے آنے والے باپ بیٹا بھی شہید ہوئے۔

سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں تمام دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا۔ حملے کی ذمہ داری کالعدم بلوچ لبریشن آرمی نے قبول کی، جب کہ حملے کی منصوبہ بندی اور فنڈنگ کیلئے را اور این ڈی ایس کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close