دنیا

مشرقی شام میں تشدد کے باعث 25 ہزار افراد نے نقل مکانی کی، اقوام متحدہ

جنیوا: اقوام متحدہ نے کہاہے کہ مشرقی شام میں پر تشدد واقعات کے نتیجے میں گذشتہ چھ ماہ کے دوران کم سے کم 25 ہزار شامی شہری گھر بار چھوڑنے اور نقل مکانی پر مجبور ہوئے ۔غیرملکی خبررساں ادار ے کے مطابق اقوام متحدہ کی طرف سے جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا کہ داعش اپنا قبضہ برقرار رکھنے کے لیے کوشش کر رہی ہے۔ شام کی سرزمین پر داعش کا یہ آخری گڑھ ہے۔دیر الزور شہر اس کا اہم ترین مرکز ہے جہاں داعش کے جنگجو موجود ہیں۔ اسی علاقے میں سب سے زیادہ پر تشدد مظاہرے ہوئے۔ اطراف کے بعض مقامات پر امریکا کی حمایت یافتہ کرد پروٹیکشن یونٹ اور سیرین ڈیموکریٹک فورسز نے دسمبر 2018ء کے دوران قبضہ کرلیا تھا۔

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے پناہ گزین کے مطابق دیر الزور اور دوسرے علاقوں میں داعش اور دوسرے جنگجوؤں میں پرتشدد جھڑپوں اور فضائی حملوں میں بڑی تعداد میں لوگ مارے گئے اور ہزاروں کی تعداد میں نقل مکانی پر مجبور ہوئے ۔ رپورٹ کے مطابق مشرقی شام سے نقل مکانی کرنے والے شامی شہری بے سروسامانی کی حالت میں روز صحراؤں میں رہے۔ انہیں پانی اور خوراک تک میسر نہیں تھی۔اقوام متحدہ کا کہنا تھا کہ مشرقی شام کے بعض علاقے جن میں خاص طورپر ھجین کا علاقہ شامل ہے داعش اور کرد جنگجوؤں کے گھیرے میں ہے۔ وہاں پر دوہزار شامی شہری محصور ہو کر رہ گئے اور ان کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close