دنیا

سرجیکل اسٹرائیک کی وڈیو جاری کرنے کی ضرورت نہیں، بھارتی وزیر دفاع کی منطق

نئی دلی: مودی سرکار اور بھارتی فوج کی جانب سے کیا گیا سرجیکل اسٹرائیک کا دعویٰ ان کے گلے کیا پڑا اب وہ روز نت نئی تاویلیں گھڑنے لگے ہیں ایسی ہی بڑھک بھارتی وزیر دفاع منوہر پاریکر نے بھی ماری ہے جن کا کہنا ہے کہ سرجیکل اسٹرائیک 100 فیصد درست تھی اور ہمیں اس کا ثبوت دینے کی کوئی ضرورت ہی نہیں۔

بھارت کی جانب سے گزشتہ ہفتے پاکستان میں سرجیکل اسٹرائیک کا دعویٰ کیا گیا لیکن پاک فوج نے اس بے بنیاد دعوے کی قلعی ٖغیر ملکی میڈیا کو علاقے کا دورہ کراکر کھول دی جس کے بعد بھارتی سیاستدانوں نے بھی سوال اٹھانے شروع کردیئے، نئی دلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال اور کانگریس کے رہنما ان میں پیش پیش ہیں لیکن مودی سرکار اپنا پول کھل جانے کے خوف سے کوئی مناسب جواب ہی نہیں دے پارہی۔

گزشتہ روز نریندر مودی نے بی جے پی کے رہنماؤں پر نام نہاد سرجیکل اسٹرائیک پر بات کرنے پر پابندی لگائی اور اب ان ہی کے وزیر دفاع منوہر پاریکر کہتے ہیں کہ ہمیں اپنی فوج کی بہادری پر یقین ہے اور جنہیں ان کی قابلیت پر یقین نہیں وہ بھارت کے وفادار نہیں۔

نئی دلی میں بی جے پی کی جانب سے منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران منوہر پاریکر کا کہنا تھا کہ اُڑی حملے کے بعد انہیں کئی سابق فوجیوں کے خطوط ملے جن میں ان سے جنگ کی صورت میں ایل او سی پر تعیناتی کی درخواست کی گئی ہے۔ وہ ان لوگوں کے جذبات کا احترام کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج کی بہادری ہمیشہ کسی بھی قسم کے شک و شبہے سے بالاتر رہی ہےلیکن پہلی مرتبہ کچھ لوگ اس پر سوال اٹھارہے ہیں اور ہمیں ان کے نام لینے کی ضرورت نہیں۔ بھارتی فوج کا سرجیکل اسٹرائیک کا دعویٰ 100 فیصد درست ہے ہمیں اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی وڈیو جاری کرنے کی ضرورت نہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close