دنیا

قندھار بم حملے میں یو اے ای کے پانچ سفارتکار ہلاک

متحدہ عرب امارات کا کہنا ہے کہ گذشتہ روز افغانستان کے جنوبی شہر قندھار میں ہونے والے بم حملے کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں میں اس کے پانچ سفارتکار بھی شامل ہیں۔

صوبائی گورنر کے دفتر کے احاطے میں دیگر ہلاک ہونے والوں میں نائب گورنر، افغانستان کی وزارت خارجہ کے دو اعلیٰ اہلکار اور دو ارکان پارلیمان بھی شامل ہیں۔

حملے میں متحدہ عرب امارات کے سفیر اور قندھار کے گورنر زخمی ہوئے تھے۔

متحدہ عرب امارات میں تین روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ منگل کے روز ملک بھر میں ہونے والے دھماکوں جن میں کابل میں ہونے والے دو دھماکے شامل ہیں 60 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔

طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے میڈیا کو جاری کی گئی ایک ای میل میں اس حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس حملے کا نشانہ افغان انٹیلی جنس ایجنسیاں تھیں۔

افغان ذرائع نے بتایا کہ افغانستان کی مرکزی انٹیلی جنس ایجنسی نیشنل ڈائریکٹوریٹ آف سیکیورٹی کے مقامی سربراہ ہلاک ہونے والوں میں شامل ہیں۔

افغان وزارتِ صحت کے ایک عہدے دار نے بی بی سی کو بتایا کہ زخمیوں کو استقلال ہسپتال اور دوسرے ہنگامی ہسپتالوں میں لے جایا گیا تھا۔

منگل کو کابل میں افغان پارلیمان کے قریب دہرے دھماکوں میں کم از کم 30 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے تھے۔

خیال رہے کہ یہ حالیہ مہینوں میں کابل میں ہونے والا سب سے مہلک حملہ ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close