دنیا

افغان مہاجرین کی جبری واپسی میں اقوام متحدہ ملوث ہے

انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ہیومن رائٹس واچ نے اپنی تازہ رپورٹ میں کہا ہے کہ پاکستانی حکام نے جولائی 2016 سے تقریباً چھ لاکھ افغان پناہ گزینوں کو ڈرا دھمکا کر افغانستان واپس جانے پر مجبور کرنے کی تحریک چلا رکھی ہے۔

واپس جانے والوں میں ساڑھے تین لاکھ سے زیادہ رجسٹرڈ پناہ گزین ہیں اور اس طرح حالیہ برسوں میں یہ دنیا میں پناہ گزینوں کی سب سے بڑی تعداد ہے جسے زبردستی واپس بھیجا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اب ان پناہ گزینوں کو افغانستان میں مسلح جنگوں، تشدد، مفلسی اور بے دری کا سامنا ہے۔

سوموار کو جاری کی جانے والی 76 صفحات پر مشتمل رپورٹ میں اقوام متحدہ پر اس جبری نقل مکانی میں ساز باز کا الزام بھی لگایا گيا ہے۔

‘پاکستانی جبر، اقوام متحدہ کی ساز باز: افغان پناہ گزینوں کی اجتماعی جبری واپسی’ نامی رپورٹ میں یو این سی ایچ آر پر الزام لگایا گیا ہے کہ اس نے عوامی سطح پر پاکستان کی جانب سے زور زبردستی کیے جانے کی مذمت کیے بغیر ‘رضاکارانہ آبادکاری’ کے پروگرام میں اضافہ کیا اور اس طرح وہ پاکستان کے ساتھ پناہ گزینوں کے ساتھ برے سلوک میں شامل ہے۔

ہیومن رائٹس واچ کے سینیئر محقق گیری سمپسن نے کہا: ‘دہائیوں تک افغان پناہ گزینوں کی میزبانی کرنے کے بعد سنہ 2016 کے وسط میں پاکستان نے حالیہ زمانے میں دنیا کے سب سے بڑے پناہ گزین مخالف تحریک کا محرک ہوا اور انھیں وطن لوٹنے پر مجبور کیا۔’

ان کا کہنا ہے ایسا اس لیے ہوا کہ ‘اقوام متحدہ کے پناہ گزینوں کے ادارے نے پاکستان کو ان کے ساتھ ناروا سلوک روا رکھنے اور ڈرانے دھمکانے سے عوامی طور پر نہیں روکا۔’

انھوں نے مزید کہا: ‘بین الاقوامی ڈونرز کو اس معاملے میں دخل دے کر پاکستانی حکومت اور اقوام متحدہ پر دباؤ ڈالنا چاہیے تاکہ پاکستان میں باقی افغان پناہ گزینوں کو بچایا جا سکے۔’

افغان پناہ گزینوں نے ہیومن رائٹس واچ کو بتایا کہ ان کی غیر محفوظ قانونی حیثیت، جاڑے کے موسم میں واپس بھیجنے کی دھمکیوں اور پولیس کی زیادتیوں نے ایک ایسا زہر آلود مرکب تیار کر دیا کہ ان کے پاس پاکستان چھوڑنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں رہا۔

رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کی جانب سے واپس ہونے والے ہر ایک پناہ گزینوں کے لیے نقد رقم کو دگنا یعنی 400 امریکی ڈالر کر دیے جانے نے بھی لوگوں کو پاکستان کی زیادتیوں سے نجات حاصل کرنے کے لیے تیار کیا۔

ہیومن رائٹس کے مطابق یہ امر بھی قابل غور ہے کہ ان میں سے بہت سے ایسے ہیں جو اپنے جنگ زدہ علاقوں میں واپس نہیں جا سکتے یا پھر ان کے پاس کوئی گھر ہی نہیں جہاں وہ واپس جا سکیں۔ پناہ گزینوں نے یہ بھی کہا کہ وہ پاکستان میں افغان مخالف جذبات کے اچانک پیدا ہو جانے سے بھی خوف زدہ ہو گئے۔

اقوام متحدہ کے ادارے نے ہیومن رائٹس واچ کو رواں سال 27 جنوری کو ایک خط لکھا جس میں پناہ گزینوں سے متعلق ادارے کے خدشات کو تسلیم کیا تاہم اس بات کی سختی سے تردید کی کہ ’رقم دگنی کیے جانے سے پناہ گزینوں کی واپسی کے عمل میں تیزی آئی ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close