دنیا

فلسطینی سکیورٹی فورسز اور صیہونی فوجیوں کے درمیان تصادم

اسرائیلی فورسز نے جمعرات کی صبح غرب اردن کے شہر جنین پر دھاوا بول دیا۔

فلسطینی سکیورٹی فورسز اور صیہونی فوجیوں کے درمیان ہونے والی جھڑپوں اور فائرنگ کے تبادلے میں فلسطینی سکیورٹی کے تین اہلکار جاں بحق ہو گئے۔

فلسطینی وزارت صحت کے مطابق فائرنگ کی زد میں آ کر ایک راہ گیر بھی زخمی ہو گیا۔

فلسطینی انٹیلی جنس نے بتایا کہ اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والے فلسطینی سکیورٹی فورس کے اہلکاروں کی شناخت کیپٹن تیسیر عبسہ اور لیفٹیننٹ ادھم علیوی کے نام سے ہوئی ہے۔

فلسطینی ایوان صدر نے اسرائیل کی جانب سے طاقت کے بے جا استعمال کی مذمت کرتے ہوئے اسے خطرناک پیش رفت قرار دیا ہے۔ بیان میں ایوان صدر نے ایسی کارروائیوں کے مضمرات سے خبردار کیا ہے۔

ایوان صدر کے سرکاری ترجمان نبیل ابو ردینہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ قابض اسرائیلی حکام کی طرف سے فلسطینی عوام کے حقوق کی مسلسل خلاف ورزی، قاتلانہ حملے اور دیگر ظالمانہ کارروائیاں بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہیں جن سے کشیدگی میں اضافہ ہوتا ہے۔

انھوں نے اسرائیل کو حالیہ کشیدگی کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فلسطینیوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مناسب اقدامات کرے۔

اسرائیلی فوج نے اس واقعہ پر تادم تحریر کسی قسم کے ردعمل کا اظہار نہیں کیا۔

یاد رہے کہ اسرائیل غرب اردن کے مسلح فلسطینی گروپوں کے خلاف چھاپہ مار کارروائیاں کرتا رہتا ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close