دنیا

فجی میں سمندری طوفان17 ہلاک سینکڑوں گھر تباہ

فجی میں سمندری طوفان ونسٹن سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 17 ہوگئی ہے۔

گذشتہ دنوں آنے والے طوفان کے بارے میں خیال ہے کہ یہ جنوبی نصف کرہ ارض پر آنے والا شدید ترین طوفان تھا جس میں 300 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زائد رفتار سے ہوائیں چلیں۔

طوفان نے سینکڑوں گھر تباہ کیے اور بجلی کے کھمبوں کو اکھاڑ ڈالا جس کی وجہ سے بجلی منقطع ہو گئی۔

طوفان کے ٹکرانے کے دو روز بعد ہونے والی تباہی کو مکمل تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔

دارالحکومت سوا اس طوفان سے شدید ترین تباہی سے محفوظ رہا تاہم نیوزی لینڈ کی فوج کی جانب سے مہیا کی جانے والی علاقے کی فضائی ویڈیو میں دور افتادہ گاؤں کو ملیا ملیٹ دیکھا جا سکتا ہے۔

بہت سارے علاقوں تک رسائی ممکن نہیں ہے اور وہاں بجلی ابھی بھی منقطع ہے۔

امدادی اداروں کی جانب سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے جبکہ اشیائے خورونوش اور صاف پانی کی دستیابی کے فقدان کے بارے میں بھی خدشات بڑھ رہے ہیں۔

حکومت کی جانب سے سنیچر کی رات نافذ کیے گئے کرفیو میں نرمی کر دی گئی اور ملک میں فضائی آمدورفت دوبارہ بحال کر دی گئی ہے۔

خیال رہے کہ کیٹیگری فائیو کا یہ طوفان، جو کہ سب سے بڑا سمجھا جاتا ہے، فجی کے اہم جزیرے ویٹی لیوو سے سنیچر کو مقامی وقت کے مطابق شام 6:30 پر ٹکرانے کے بعد مغرب کی طرف نکل گیا۔ آخری وقت پر اس کی سمت بدلنے سے دارالحکومت ’سوا‘ کو وہ نقصان نہیں ہوا جو کہ ہو سکتا تھا۔

حکومت نے 750 پناہ کے سینٹر کھولے ہیں۔

فجی براڈکاسٹنگ کمپنی کے مطابق ملک کے دوسرے سب سے بڑے جزیرے وانوا لیوو کی ایک پناہ گاہ میں 1000 کے زیادہ افراد پناہ لیے ہوئے ہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close