دنیا

اسرائیل اور سعودی عرب کے درمیان براہ راست پروازیں چلانے کی تیاری شروع کردی گئی

مقبوضہ بیت المقدس:  اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے حکومت کے ذمہ دار ذریعے کے حوالے سے چونکا دینے والا انکشاف کیا ہے اور بتایا ہے کہ اسرائیل اور سعودی عرب کے درمیان براہ راست پروازیں چلانے کی تیاری شروع کی گئی ہے۔ رواں سال حج کے موقع پر اسرائیلی مسافر بردار جہاز فلسطینی عازمین حج کو سعودی عرب پہنچائیں گے۔ اس سال فلسطینی عازمین حج اردن ، مصر یا دوسرے ملکوں کی فضائی سروسز کو استعمال کرنے کے بجائے براہ راست اسرائیلی ہوائی جہازوں پر حجاز مقدس کا سفر کریں گے۔اسرائیلی اخبار نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ تل ابیب سے سعودی عرب کیلئے حج پروازوں کے بارے میں حالیہ عرصے کے دوران راز داری میں مذاکرات ہوئے ہیں۔ ان مذاکرات میں امریکہ، اسرائیل، اردن، فلسطینی اتھارٹی اور سعودی عرب کے حکام نے حصہ لیا۔ اسرائیلی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب بن گورین ہوائی اڈے سے اسرائیلی مسافر جہاز سعودی عرب کیلئے اڑان بھریں گے۔
اخباری رپورٹ میں کہا گیاہے کہ سعودی عرب اور اسرائیل کے درمیان اگرچہ فی الوقت حج پروازوں کے آغاز پر خفیہ اتفاق پایا گیا ہے مگردونوں ممالک کے درمیان فضائی سروس کا آغاز دو طرفہ سفارتی تعلقات کی طرف اہم پیشرفت ہیں۔ایک ذریعے کا کہنا ہے کہ اسرائیلی ہوائی جہاز کچھ دیر کیلئے اردن کے ہوائی اڈے پراتریں گے اور وہاں سے دوبارہ وہ سعودی عرب کے لیے اڑان بھریں گے۔واضح رہے سعودی عرب اسرائیل کے ساتھ ہرطرح کے تعلقات کی تردید کرتا آیا ہے۔ مقبوضہ فلسطین سے تعلق رکھنے والے عازمین حج اردن یا مصر سے فضائی، زمینی یا بحری راستوں سے حجاز مقدس جاتے رہے ہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close