وزیراعظم گھر کی صفائی ضرور کریں مگر پاکستان کو دنیا میں تماشا نہ بنائیں، چوہدری نثار
اسلام آباد: سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ وزیراعظم اپنے ’’گھر کی صفائی‘‘ ضرور کریں مگر پاکستان کو دنیا میں تماشا نہ بنائیں۔ اسلام آباد میں صحافیوں سے غیر رسمی بات چیت میں سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اپنے گھر کی صفائی ضرور کریں مگر پاکستان کو دنیا میں تماشا نہ بنائیں، ’’گھر کی صفائی‘‘ پر کسی کو اعتراض نہیں لیکن بیانات کے بجائے عملی اقدامات پر توجہ دینی چاہیے، پاکستان تو اب وہ بات خود مان رہا ہے جو بھارت کہتا رہا۔ کیا بھارتی حکومت یا سیاستدانوں میں سے کسی نے کبھی اس بات کا اعتراف کیا جب کہ افغانستان میں دن کے اجالے میں دہشت گردوں کے درجنوں کیمپ امریکا کے کیمروں کے نیچے چل رہے ہیں۔
سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں آگ کی ہولی افغانستان سے دہشت گرد آ کر کھیلتے ہیں لیکن کیا افغانستان یا امریکا نے افغانستان کے اندر ”گھر کی صفائی” کی ضرورت کا اعتراف کیا، گزشتہ چار سال میں ”گھر ” کے اندر جتنی صفائی ہوئی اس کی ملکی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔