اسلام آباد

کسی پارٹی سے تعلق ہے نہ ہی انتقام پر یقین رکھتے ہیں، جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال

اسلام آباد: چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کا کہنا ہے کہ نیب انتقام پر یقین رکھتا ہے اور نہ کسی پارٹی سے کوئی تعلق ہے ہر شخص کی نظر نیب پر ہے کیوں کہ احتساب سب کے لیے ہے۔ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں پاناما اور برٹش ورجن آئی لینڈ میں پاکستانیوں کی آف شور کمپنیوں سے متعلق پیش رفت کا جائزہ لیا گیا جس پر چیئرمین نیب نے 435 آف شورکمپنیوں کا ریکارڈ جلد از جلد حاصل کرکے تحقیقات مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں 43 مقدمات کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا ان میں 23 مقدمات کی جانچ پڑتال 17 انکوائریز اور 4 کی انویسٹی گیشن شامل تھی جبکہ 80 سے 90 فیصد شکایات ہاؤسنگ سوسائٹیز کی ہیں۔

چیئرمین نیب نے مقدمات کی پیشرفت پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مقررہ وقت میں انہیں منطقی انجام تک پہنچانے کی ہدایت کی اور ہاؤسنگ سوسائٹیز کے معاملے پر عوام کی لوٹی رقم واپس نہ دلانے پر بھی برہمی کا اظہار کیا جبکہ سابق وزیر پورٹس و شپنگ کامران مائیکل، سابق چیئرمین ریلوے عارف عظیم اور ریلوے ایمپلائز ہاؤسنگ سوسائٹی کے خلاف انکوائری مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی۔ چیئرمین نیب نے ملتان میٹرو بس پراجیکٹ اور 56 پبلک لمیٹڈ کمپنیوں کاریکارڈ نہ ملنے پر سخت نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ کمپنیوں کے خلاف قانون کے مطابق تحقیقات مکمل کی جائیں جبکہ کسی بھی کمپنی کے کام میں نیب انکوائری کی وجہ سے رکاوٹ نہیں آنی چایئے۔

جسٹس (ر) جاوید اقبال نے مزید کہا کہ نیب انتقام پر یقین رکھتا ہے اور نہ کسی پارٹی سے کوئی تعلق ہے، ہر شخص کی نظر نیب پر ہے کیوں کہ احتساب سب کے لیے ہے اسی لیے شفاف احتساب ہوتا نظر آنا چاہیے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close