اسلام آباد

عمران خان نے جمائما سے لیے گئے پیسوں کی منی ٹریل سپریم کورٹ میں جمع نہیں کرائی، دانیال عزیز

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما و رکن قومی اسمبلی دانیال عزیز نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کا نام پاناما پیپرز میں کہیں بھی موجود نہیں تھا اس کے باوجود انہوں نے خود کو احتساب کے لیے پیش کیا اور سرخرو ہوئے لیکن اب جب پی ٹی آئی قائد کا اپنا کیس عدالت عظمیٰ میں چلا ہے اور عدالت نے عمران خان کو جمائما سے لیے گئے پیسوں کی منی ٹریل جمع کرانے کا کہا ہے لیکن آج تک ان لوگوں نے کچھ بھی جمع نہیں کرایا، ہمیں تو یہ پاناما کا جواب 24گھنٹوں میں جمع کرانے کا کہتے تھے اب خود عدالتی ڈیڈ لائن گذرنے کے 5روز بعد بھی جواب کیوں جمع نہیں کرا رہے؟۔ نجی ٹی وی چینل کے پروگرام ’’کیپٹل ٹاک‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے دانیال عزیز نے کہا کہ ڈان لیکس پر باقاعدہ تحقیقات کے بعد اس کی آنے والی سفارشات پر عملدرآمد کیا گیا اور یہ معاملہ اب حل ہو چکا ہے، اس لیے اس پر مزید تبصرے سے گریز کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے پاس منی ٹریل ہے ہی نہیں ،ان کا وکیل بھاگ گیا اور ’’سٹپنی وکیل‘‘ بھی لندن بھاگ گیا ہے، پاکستان مسلم لیگ (ن) کی موجودہ حکومت ملکی ترقی و خوشحالی کے لیے دن رات کوشان ہے لیکن کچھ عناصر اس ملکی ترقی و خوشحالی کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے کی کوششوں میں لگے رہتے ہیں لیکن انہیں کسی صورت بھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔دانیال عزیز کا کہنا تھا کہ سی پیک پاکستانی صنعت سمیت مختلف شعبوں کو اپنی طرف راغب کرے گا اور ملک میں اقتصادی سرگرمیوں میں اضافے کے ساتھ ساتھ روزگار کے مواقع میں بھی اضافے کا باعث بنے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ذریعے متعدد ممالک کے پاس اپنی تجارت بڑھانے کے مواقع پیدا ہوں گے اور پاکستان ہی وہ منزل مقصود ہوگی جہاں بہت سارے ممالک اپنی کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ کر سکتے ہیں، بلوچستان اور خیبر پختونخواہ کے ترقی یافتہ علاقوں کے پاس یہ مواقع موجود ہیں کہ وہ ابھر کر سامنے آئیں اور سی پیک کے منصوبوں سے فائدہ حاصل کریں۔ دانیال عزیز نے کہا کہ سابقہ حکومتیں اپنے ادوار میں اس طرح کے کوئی بھی منصوبے شروع نہ کر سکیں تاہم پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو یہ کریڈٹ جاتا ہے کہ اس نے ملکی عوام کی فلاح و بہبود کے لیے متعدد ترقیاتی منصوبوں کو شروع کیا تاکہ عوام ان سے مستفید ہو سکیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close