پنجاب

مریم نواز نے لاہور میں اپنا حلقہ کیوں تبدیل کرلیا ؟ بالآخر اصل وجہ سامنے آگئی

لاہور : مسلم لیگ ن کی مرکزی رہنما مریم نواز کی جانب سے تیسری بار اپنا حلقہ تبدیل کیا گیا ہے، وہ اب لاہور کے حلقہ این اے 127 سے الیکشن لڑیں گی جبکہ این اے 125 سے ن لیگ لاہور کے سربراہ پرویز ملک انتخابات میں حصہ لیں گے، یہ بھی ہوسکتا ہے کہ آخری وقت میں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اس حلقے میں آجائیں کیونکہ وہ تحریک انصاف کے انتہائی مضبوط امیدوار عبدالعلیم خان کا مقابلہ کرنے سے کترا رہے ہیں۔ مریم نواز کی جانب سے ناراض لیگی چیئرمینوں، آرائیں برادری کی اکثریت ، مذہبی طبقے کی مخالفت اور ڈاکٹر یاسمین راشد کی مسلسل ڈور ٹو ڈور مہم کے باعث این اے 127 سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔لیگی قیادت کی جانب سے مریم نواز کو این اے 125 کی امیدوار کے طور پر لانچ کیا گیا تھا ، کیونکہ انہوں نے اسی حلقے میں جو نئی انتخابی حلقہ بندیوں سے قبل این اے 120 تھا سے 2013 میں اپنے والد میاں نواز شریف اور گزشتہ برس ان کی نا اہلی کے بعد اپنی والدہ بیگم کلثوم نواز کی انتخابی مہم بہترین انداز میں چلائی تھی۔ والدہ کا الیکشن جیتنے کے بعد بھی مریم نواز حلقے کے مسلسل دورے کرتی رہیں اسی لیے انہیں اس حلقے سے الیکشن لڑانے کا فیصلہ کیا گیا تھا لیکن گزشتہ ہفتے مسلم لیگ ن کے آفیشل ٹوئٹر اکاﺅنٹ پر اعلان کیا گیا کہ مریم نواز این اے 127 سے الیکشن لڑیں گی لیکن پھر یہ فیصلہ بھی واپس ہوگیا جس کے بعد مریم نواز کی این اے 125 میں واپسی ہوئی لیکن بدھ کے روز مریم نواز کو این اے 127 کا ٹکٹ جاری کردیا گیا ۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close