انٹرٹینمنٹ

خوبرو اداکارہ اقراء عزیز فلم ڈیبیو کیلئے جاندار اسکرپٹ کی منتظر

پاکستانی ڈراموں میں بہترین اداکاری کے جوہر دکھانے والی نوجوان اداکارہ اقراء عزیز ڈیبیو فلم کے لیے جاندار اسکرپٹ کی منتظر ہیں۔ اقراء عزیز نے 2014 میں ڈرامہ سیریل ’کسے اپنا کہیں‘ سے پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری میں قدم رکھا تھا جس کے بعد انہوں نے کئی کامیاب ڈرامے کیے۔

لیکن شہرت کی بلندیاں رواں برس رمضان کا خصوصی ڈرامہ ’سنو چندہ‘ سے چھولیں جسے پاکستان سمیت بھارت سے بھی خوب پذیرائی ملی۔ اداکارہ اب بھی نئے ڈرامہ پروجیکٹس کا حصہ ہیں لیکن ساتھ ہی فلمی دنیا میں قدم رکھنے کو تیار ہیں۔

خلیجی اخبار گلف ٹائمز کو انٹرویو دیتے ہوئے اقراء عزیز نے بتایا کہ ’ میں سلور اسکرین ڈیبیو کے لیے تیار ہوں لیکن اسکرپٹ کی وجہ سے الجھن کا شکار ہوں کیونکہ میں ایک بہترین اسکرپٹ کی تلاش میں ہوں‘۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ ’فلم کی کہانی سب سے زیادہ معنی رکھتی ہے یہی وجہ ہے کہ اسکرپٹ بہت زبردست لکھا ہونا چاہیے لیکن جب اسکرپٹ تفصیل سے لکھا گیا نہ ہو تو وہ بے بنیاد ہوتی ہے‘۔

اقراء عزیز نے مزید بتایا کہ ’میں فلم کے لیے ایسا جاندار اسکرپٹ چاہتی ہوں جسے پڑھتے ہی میرے رونگھٹے کھڑے ہوجائیں‘۔

انٹرویو کے دوران اقراء عزیز سے پاکستان فلم انڈسٹری اور بالی وڈ انڈسڑی کے حوالے سے بھی پوچھا گیا۔

اداکارہ کا سوال کے جواب میں کہنا تھا کہ ’اگر ہماری ڈرامہ انڈسٹری بہترین ہے تو بھارت کی فلم انڈسٹری بہت طاقتور ہے جس کا مقابلہ ابھی ہم نہیں کرسکتے، ہماری فلم انڈسٹری کو ٹیم ورک اور بہترین معیاری مواد کی ضرورت ہے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ فلم کی کامیابی کے لیے صرف اداکار پر ہی انحصار نہیں ہوتا بلکہ پروڈیوسر سے لے کر ڈائریکٹر، ڈی او پی اور پوری ٹیم کی اچھی کارکردگی کی ضرورت ہوتی ہے جس کے بعد ایک خوبصورت کہانی اسکرین پر آتی ہے، ہم سب کو بھی ٹیم ورک کی ضروت ہے جو کہ اب پاکستانی فلم انڈسٹری میں دکھائی دینا شروع ہوئی ہے کیونکہ انڈسٹری کی بہتری کے لیے صرف ایک فرد کا کام نہیں‘۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close