اسلام آباد

شاہد خاقان عباسی نے وزیراعظم کے عہدے کا حلف اٹھالیا

اسلام آباد: شاہد خاقان عباسی نے پاکستان کے 18 ویں وزیراعظم کی حیثیت سے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔ اسلام آباد میں ایوان صدر میں صدر ممنون حسین نے شاہد خاقان عباسی سے وزیراعظم کے عہدے کا حلف لیا، تقریب میں گورنرسندھ محمد زبیر، وزیراعلیٰ بلوچستان، وفاقی سیکریٹریز، مسلح افواج کے سربراہان، مسلم لیگ (ن) کے اہم رہنماؤں، مولانا فضل الرحمان، غیرملکی سفیروں اور دیگر شخصیات نے شرکت کی، تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ اس سے قبل قومی اسمبلی میں ووٹنگ کے دوران 342 ارکان کے ایوان میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار شاہد خاقان عباسی 221 ووٹ لے کر قائد ایوان منتخب ہوئے جبکہ ان کے مدمقابل پیپلزپارٹی کے امیدوار نوید قمر نے 47، پی ٹی آئی، عوامی مسلم لیگ اور مسلم لیگ (ق) کے شیخ رشید نے 33 اور جماعت اسلامی کے صاحبزادہ طارق اللہ نے 4 ووٹ حاصل کیے۔

قائد ایوان منتخب ہونے والے شاہد خاقان عباسی کو مسلم لیگ (ن) کے علاوہ ایم کیو ایم، جے یو آئی (ف)، نیشنل پارٹی، پشتون خوا ملی عوامی پارٹی اور مسلم لیگ ضیا کے ارکان نے بھی ووٹ دیئے۔ قائد ایوان منتخب ہونے کے بعد قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ وزارت عظمیٰ سیاست کی معراج سمجھی جاتی ہے، جمہوریت کا عمل آج دوبارہ پٹڑی پر چل پڑا ہے، مسلم لیگ (ن)، حلیف جماعتوں اور عوام کے وزیر اعظم نواز شریف کا مشکور ہوں،ا س کے علاوہ ہمیں گالی گلوچ میں یادرکھنے والے عمران خان کا بھی مشکور ہوں، سپریم کورٹ کا فیصلہ ہم نے من و عن قبول کیا ہے لیکن پاکستان کے عوام نے اسے قبول نہیں کیا۔ ابھی ایک اور عدالت بھی لگے جو اس عدالت سے بڑی ہوگی اور وہاں کوئی جے آئی ٹی نہیں ہوگی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close