اسلام آباد

دھرنا، معاملات طے پائے گے، کچھ دیر میں پریس کانفرنس ہو گی

اسلام آباد: وزیر قانون زاہد حامد کے استعفیٰ کے بعد حکومت اور دھرنا مظاہرین میں مذاکرات کامیاب ہو گئے جس کے بعد مظاہرین کی جانب سے دھرنا جلد ختم کرنے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق حکومت اور دھرنا مظاہرین میں معاملات طے پا گئے تاہم کچھ دیر میں دھرنا قائدین کی جانب سے اہم نیوز کانفرنس کی جائے گی جس کے لیے مجلس شوریٰ کے ارکان دھرنے میں پہنچ گئے ہیں جب کہ دھرنا ختم کرنے کا اعلان بھی متوقع ہے۔ اس سے قبل حکومت اور دھرنا قائدین کے درمیان معاہدہ ہوا اور معاہدے پر دستخط بھی کیے گئے ہیں۔ معاہدے پر دستخط ہونے کے بعد دھرنا جلد ختم ہونے کا امکان ہے جب کہ دھرنا مظاہرین نے اپنا سامان اکٹھا کرنا شروع کر دیا ہے اور اس کے ساتھ ہی دھرنے کے اطراف تعینات ایف سی، رینجرز کی نفری میں بھی کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ حکومت اور دھرنا مظاہرین کے درمیان ہونے والے معاہدے کے تحت مذہبی جماعت زاہد حامد کے خلاف کوئی فتویٰ جاری نہیں کرے گی جب کہ راجہ ظفر الحق کی انکوائری رپورٹ 30 دن میں منظر عام پر لائی جائے گی۔ معاہدے کے مطابق تین دن تک مذہبی جماعتوں کے تمام کارکنوں کا رہا کر دیا جائے گا اور دھرنے پر حکومتی ایکشن کے خلاف 30 دن کے اندر اندر انکوائری کرکے ذمہ داروں کا تعین بھی کیا جائے گا۔

معاہدے کے مطابق دھرنا قائدین کی جانب سے اس بات کا یقین دلایا گیا ہے کہ معاہدے کی شرائط کے مطابق وہ نہ صرف دھرنا ختم کریں گے بلکہ ملک بھر میں اپنے ساتھیوں کو پُرامن رہنے کی درخواست بھی کریں گے۔ واضح رہے کہ یہ معاہدہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی جانب سے نمائندہ وفد کی خصوصی کاوشوں کے ذریعے طے پایا ہے۔ معاہدہ میجر جنرل فیض حمید کی وساطت سے طے پایا اور انہوں نے دستاویز پر بھی دستخط کئے۔ دوسری جانب سرکاری ٹی وی کے مطابق وفاقی وزیر قانون نے بحرانی کیفیت ختم کرنے کے لیے وزارت سے رضاکارانہ طور پر اپنا استعفیٰ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو بھجوا دیا ہے تاہم زاہد حامد اپنے استعفیٰ پر تفصیلی بیان بھی جاری کریں گے جب کہ وزیراعظم کی جانب سے آج ہی ان کا استعفیٰ منظور کیے جانے کا امکان ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close