تجارت

قرۃ العین بلوچ کی آواز اب بالی وڈ میں بھی

انھوں نے بالی وڈ کے ’شہنشاہ‘ کہے جانے والے اداکار امیتابھ بچن کی آنے والی فلم ’پنک‘ کے گیت ’کاری کاری رینا ساری‘ میں اپنی آواز کا جادو جگایا ہے۔

گیت کو نیشنل انعام یافتہ نغمہ نگار اور مصنف تنویر غازی نے لکھا جسے گذشتہ روز باضابطہ طور پر ریلیز کیا گیا۔ یہ فلم کا دوسرا نغمہ ہے۔ اس سے قبل ’جینے دے مجھے‘ ریلیز کیا گیا تھا۔

امیتابھ بچن نے گیت کے بارے میں ٹویٹ کیا: ’بلند آہنگ کا گیت ’کاری کاری‘ پراز معنی، فیصلہ کن اور ہرطرح سے مکمل ہے۔‘

ٹائمز میوزک نے اپنے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’قرۃ العین کا گیت کاری کاری سرحدوں کے دونوں پار کے لیے امید کا گیت ہے‘ اور یہ امید ظاہر کی کہ ’قرۃ العین کی سنسنی خیز اور جذباتی آواز میں فلم پنک کا یہ گیت لاکھوں دلوں کو چھوئے گا۔‘

سرحدوں پر خواہ کشیدگی کیوں نہ ہو سیاست اپنا کوئی بھی کھیل کھیلے لیکن فن اپنا راستہ تلاش کر ہی لیتا اور اسے اس کے پرستار مل ہی جاتے ہیں کیونکہ ریلیز کے بعد اس گیت کو یوٹیوب پر تقریباً 15 لاکھ بار سنا جا چکا ہے۔

جہاں کبھی نور جہاں، مہدی حسن، غلام علی اور نصرت فتح علی خان کی آوازوں کا جادو سر چڑھ کر بولا وہیں دور جدید میں عاطف اسلم، علی ظفر، عدنان سمیع، عابدہ پروین اور راحت فتح علی خان کی آوازیں بالی وڈ میں گونج رہی ہیں۔ قرۃ العین بلوچ اس میں فہرست میں ایک گرانقدر اضافہ تصور کی جا سکتی ہیں۔

قرۃ العین نے بالی وڈ کی موسیقار کی جوڑی سلیمان سلیم کے ساتھ کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا اور خود کو ان کا فین بتایا تھا۔

خیال رہے کہ قرۃ العین بلوچ نے، جنھیں ’کیو بی‘ بھی کہا جاتا ہے، فواد خان کی اداکاری والے معروف ٹی وی شو ’ہمسفر‘ کے ٹائٹل سانگ سے انڈیا کے ناظرین میں اپنی خاص پہچان بنائی۔

فلم ناقدین کا خیال ہے کہ کیو بی کی پختہ آواز میں یہ دل گداز گیت فلم کے مافی الضمیر کی ترجمانی کرتا ہے۔

گیت کو تین نئی اداکاراؤں تاپسی پنو، کرتی کلکرنی اور آندریا تارنگ پر فلمایا گیا ہے جو کہ فلم ’پنک‘ میں اہم کردار نبھا رہی ہیں۔ امیتابھ بچن فلم میں ایک وکیل کا کردار ادا کر رہے ہیں جو ان تینوں خواتین کا مقدمہ لڑتے ہیں۔

گیت میں ’تتلیوں کے پنکھوں پر، رکھ دیے گئے پتھر، اے خدا تو گم ہے کہاں۔۔۔‘ جیسے معنی خیز الفاظ خواتین کی بے چارگی کے عکاس ہیں اور گیت کو دھیمے لہجے اور دھن نے مزید دلدوز بنا دیا ہے۔

خیال رہے کہ کوک سٹوڈیو کے لیے قرۃ العین کے گائے گیت ’بے وفائیاں‘ اور ’پنچھی ہوں اڑنے دو‘ بھی خاصے پسند کیے گئے ہیں۔

’پنک‘ کی ہدایتکاری بنگالی فلم ساز انیردھ رائے چوہدری نے کی جنھیں فلم ’انت ہین‘ کے لیے نیشنل ایوارڈ دیا گيا تھا۔

اس فلم کو رشمی شرما اور رونی لہری نے پروڈیوس کیا ہے جبکہ فلم 16 ستمبر کو ریلیز ہو رہی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close