Featuredدنیا

دنیا کی طرف سے روس پر پابندیاں کا سلسلہ جاری

فیس بک ٹوئٹر سمیت دیگر کمپنیوں نے روس پر پابندی عائد کردی

یوکرین پر 24 فروری کو حملے کے بعد جہاں امریکا اور یورپی یونین نے روس پر پابندیاں عائد کرنے کا سلسلہ شروع کیا، وہیں اب انٹرنیٹ ٹیکنالوجی کمپنیوں نے بھی اس پر پابندیاں عائد کرنے کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔

یوکرین پر حملوں کے بعد فیس بک نے روسی میڈیا کی مونیٹائزیشن ختم کرتے ہوئے ان پر ہر طرح کے اشتہارات چلانے کی پابندی عائد کردی۔

فیس بک نے پابندیوں کا آغاز کرتے ہوئے متعدد روسی سرکاری نشریاتی اداروں پر ویب سائٹ پر مواد شیئر کرنے کی جزوی پابندی بھی عائد کردی۔

نئی پابندیوں کے تحت روسی نشریاتی ادارے اور حکومتی ادارے اور شخصیات تشدد اور جنگ سے متعلق کوئی مواد شیئر نہیں کر پائیں گے۔

فیس بک کے مطابق مذکورہ قدم لوگوں تک غلط معلومات پہنچنے کو روکنے کے لیے اٹھایا گیا۔

دوسری جانب گوگل نے بھی کہا ہے کہ انہوں نے گزشتہ چند دن سے یوٹیوب سے لاتعداد روسی ویڈیوز ہٹادیں جن میں تشدد اور جنگ سے متعلق مواد تھا۔

گوگل کے مطابق وہ روسی میڈیا اور افراد پر پابندیاں نافذ کرنے سے متعلق فیصلہ کرنے اور منصوبہ بنانے پر کام کر رہے ہیں۔

ادھر ٹوئٹر نے بھی یوکرین پر حملے کے بعد روسی میڈیا، حکومتی اداروں اور شخصیات پر بھی جزوی پابندی عائد کردی۔

روسی ٹیلی وژن کے مطابق یوکرین پر حملوں کے بعد ٹوئٹر نے روس کے لیے نئی پالیسی اور پابندیوں کا اعلان کرتے ہوئے دونوں ممالک میں اشتہارات پر پابندی عائد کردی۔

ٹوئٹر کے مطابق یوکرین اور روس میں اب لوگوں کو ٹوئٹر پر ایسے افراد کی ٹوئٹس سجیسٹ نہیں کی جائیں گی جن کو انہوں نے فالو نہیں کیا ہوگا اور نہ ہی جنگ اور تشدد سے متعلق ٹوئٹس کو ہائی لائیٹ کیا جا رہا ہے۔

ٹوئٹر کے مطابق دونوں ممالک میں اشتہارات پر بھی پابندی عائد کردی گئی تاکہ کسی بھی ملک میں تشدد اور جنگ سے متعلق مواد کو اشتہارات کے ذریعے نہ پھیلایا جا سکے۔

امریکا اور یورپین یونین نے روس پر ٹیکنالوجی کے شعبے میں متعدد پابندیاں عائد کردی ہیں، اب روس کو کسی طرح کے سافٹ ویئرز، آلات، کمپیوٹرز، سیکیورٹی اپڈیٹس، لیزز اور سینسرز سمیت دیگر طرح کی چیزیں مہیا نہیں کی جا سکیں گی۔

نئی پابندیوں کے تحت روس اپنی فوج کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور سائبر سیکیورٹی سے متعلق چیزیں، مدد اور آلات حاصل کرنے سے بھی محروم ہو جائے گا۔

اسی طرح کی ملتی جلتی پابندیاں روس پر سرد جنگ کے دوران بھی لگائی گئی تھیں، جس وجہ سے اس کی فوجی مہارت اور جاسوسی میں نمایاں کمزوریاں دیکھی گئی تھیں۔

علاوہ ازیں امریکا اور یورپ نے روس پر کئی طرح کی مالی پابندیاں بھی عائد کردی ہیں جب کہ روس پر آن لائن پیسوں کی لین دین کرنے والے مختلف اداروں کی جانب سے بھی پابندیاں عائد کیے جانے کا امکان ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close