Featuredاسلام آبادکشمیر

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں پی ٹی آئی کا اپوزیشن نشستوں پر بیٹھنے کا فیصلہ

 پاکستان تحریک انصاف نے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں اپوزیشن نشستوں پر بیٹھنے کا فیصلہ کرلیا۔

آزاد جموں و کشمیر میں پیدا شدہ صورتحال پر پی ٹی آئی کے رہنماؤں کا اہم اجلاس ہوا، جس کی صدارت پارٹی چیئرمین عمران خان نے کی۔

اجلاس میں آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں نئے وزیراعظم کے انتخاب کے بعد کی صورتحال پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں پارٹی کی جانب سے آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی میں حزبِ اختلاف کی نشستوں پر بیٹھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

عمران خان کی زیرصدارت اجلاس میں خواجہ فاروق کو آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف نامزد کرتے ہوئے انہیں پارلیمانی پارٹی کا اجلاس فوری طلب کرنے کی ہدایات کی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق خواجہ فاروق کے طلب کردہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں شرکت کرنے والے اراکینِ قانون ساز اسمبلی ہی کو تحریک انصاف کا حصہ شمار کیا جائے گا اور خواجہ فاروق کی قیادت میں حزبِ اختلاف کی نشستوں پر بیٹھنے والے اراکین ہی تحریک انصاف کا حصہ رہ سکیں گے۔ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے کنارہ کشی کرنے والے اراکین کے تحریک انصاف سے اخراج کی کارروائی شروع کی جائے گی۔

اجلاس میں کم ارکان کی شرکت پر عمران خان نے برہمی کا اظہار کیا۔ رہنماؤں کے اجلاس میں تحریک انصاف آزاد جموں و کشمیر کی صدارت کی ذمے داری سابق وزیراعظم عبدالقیوم نیازی کے سپرد کردی گئی، جو جلد ہی ریاست میں تنظیم سازی کا عمل مکمل کریں گے۔ پارٹی نظم و ضبط کی خلاف ورزی کرنے والے اراکینِ قانون ساز اسمبلی کے جماعت سے اخراج کی بعد حلقوں کی سطح پر امیدواروں کے تعین کا عمل بھی ساتھ ساتھ مکمل کیا جائے گا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close