Featuredپنجاب

آئندہ عام انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن کو مطلوبہ تعاون فراہم کیا جائے گا: آرمی چیف

راولپنڈی: پاک فوج جرائم کی روک تھام کے لیے متعلقہ سرکاری اداروں اور ایل ای اے کو ہر ممکن تعاون فراہم کرتی رہے گی

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ پاک فوج جرائم کی روک تھام کے لیے متعلقہ سرکاری اداروں اور ایل ای اے کو ہر ممکن تعاون فراہم کرتی رہے گی، آئندہ عام انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو بھی مطلوبہ اور ضروری تعاون فراہم کیا جائے گا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت جی ایچ کیو میں دو روزہ 261 ویں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں اسمگلنگ، منی لانڈرنگ، بجلی چوری ،غیر قانونی معاشی سرگرمیوں ، ذخیرہ اندوزی کے خلاف کارروائیوں کا جامع جائزہ لیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فورم میں مسلح افواج کے افسران اور جوانوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں سمیت شہدا کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا جنہوں نے ملک میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے بالواسطہ اور بلاواسطہ خطرات کے خلاف پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے پاک فوج کے عزم کا اعادہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجی فورسز کی طرف سے مسلسل جبر اور انسانی حقوق کی قابل مذمت خلاف ورزیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔

علاوہ ازیں کانفرنس کے شرکا نے بھارتی فوج کی طرف سے شہریوں کے اغوا، تشدد اور قتل کی حالیہ کارروائیوں کی مذمت کی۔ آرمی چیف نے کہا کہ اس طرح کی کارروائیاں انسانیت کے خلاف سنگین جرائم ہیں اور ان بہادر کشمیریوں کے جذبے کو پست نہیں کر سکتے جو اپنے جائز حق خود ارادیت کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کی بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے ہر طرح کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

فورم کو موجودہ جیو اسٹریٹجک ماحول، قومی سلامتی کو درپیش چیلنجز اور بڑھتے ہوئے خطرے کے تناظر حکمت عملی کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کالعدم ٹی ٹی پی اور اس کے دیگر دہشت گردوں کو پڑوسی ملک میں محفوظ پناہ گاہیں اور کارروائی کی آزادی اور دہشت گردوں کے لیے جدید ترین ہتھیاروں کی دستیابی کو پاکستان کی سلامتی کو متاثر کرنے والے تشویشناک نکات کے طور پر نوٹ کیا گیا۔

کور کمانڈرز کانفرنس فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے والوں سے پوری طاقت سے نمٹا جائے گا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے فلسطینی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور غزہ میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور جنگی جرائم کی مذمت کرتے ہوئے غزہ میں فوری جنگ بندی اور جاری تنازع کے پرامن حل کے مطالبہ کے حکومتی مؤقف کا اعادہ کیا۔

فورم نے سماجی و اقتصادی ترقی کو فروغ دینے اور خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے تحت غیر ملکی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کے لیے جاری کوششوں کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے اسمگلنگ، منی لانڈرنگ، بجلی چوری اور دیگر غیر قانونی معاشی سرگرمیوں کے علاوہ ضروری اشیا کی ذخیرہ اندوزی کے خلاف جاری کارروائیوں کا بھی جامع جائزہ لیا۔

آرمی چیف نے علمی اور جسمانی شعبوں میں آپریشنل فضیلت کو مسلسل برقرار رکھنے اور حوصلہ افزائی اور تربیت کے اعلیٰ معیارات کے حصول کی ضرورت پر زور دیا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close