Featuredپنجاب

آزاد امیدوار اکثریت ثابت کریں ہم اپوزیشن میں بیٹھیں گے، شہبازشریف

صدر مسلم لیگ ن شہبازشریف کا کہنا ہے کہ آزاد امیدوار اکثریت ثابت کریں ہم بڑے شوق سے اپوزیشن میں بیٹھیں گے۔ اگر آزاد امیدوار حکومت نہیں بناسکتے تو دوسری جماعتیں حکومت بنائیں گی۔

لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران شہبازشریف نے کہا کہ پارلیمان میں آزاد امیدوار اگر حکومت بنانا چاہتے ہیں تو شوق سے بنائیں تاہم آئین کے تحت صدر مملکت آزاد امیدواروں کو حکومت بنانے کی دعوت نہیں دیں گے۔

شہبازشریف نے کہا کہ 2013 میں 35پنکچر کا الزام لگاکر دھرنے دیئے گئے، پارلیمنٹ پر حملہ کرنے کی بڑھکیں ماری گئیں،2018 میں آرٹی ایس کو بٹھادیا گیا،2018 میں 66 گھنٹے کے بعد نتائج آنا شروع ہوئے۔ کراچی میں میرے حلقے میں بدترین دھاندلی کی گئی۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ کون سا الیکشن ہے جس میں دھاندلی کے الزامات نہیں لگے؟ ابتدائی نتائج آنے پر یکطرفہ جیت کا شور مچایا گیا،10 سے 12 فیصد پر رائے قائم کرنا غیرمناسب بات تھی، اگر ہارے ہوئے امیدواروں کو جتوایا گیا ہے تو سعدرفیق،راناثنا کس طرح ہار گئے؟ آزادجیت رہے ہیں اور دھاندلی کا الزام بھی لگایا جارہا ہے۔

شہبازشریف نے کہا کہ ثابت ہوگیا سب سے بڑی جماعت ن لیگ ہے، حقائق درست ہیں کہ آزاد کے نمبرز زیادہ ہیں، نتائج آچکے،اب اگلا مرحلہ شروع ہوا چاہتا ہے۔ مزید کہا کہ کون نہیں جانتا کہ 2018 کا الیکشن بدترین دھاندلی اور چوری شدہ تھا۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کا رویہ ہتک آمیز تھا، بانی پی ٹی آئی 4سال تک چور دروازے سے پارلیمنٹ میں داخل ہوتے رہے، بانی پی ٹی آئی اس لیے چور دروازے سے آتے تھے کہ مجھ سے ہاتھ نہ ملانا پڑے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close