بلوچستان

حفاظت کیلئے تیز رفتار میزائل بوٹس پر مشتمل نیوی کا سکواڈ تعینات کرنے کا فیصلہ کر لیا

گوادر بندرگاہ کی سیکیورٹی کیلئے میزائل بوٹس پر مشتمل نیوی کا سپیشل سکواڈ تعینات کر نے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ بحری جہازوں کو گہرے پانیوں میں ایندھن فراہم کرنے کیلئے آئل ٹینکر فلیٹ آئندہ سال پاک بحریہ کے حوالے کیا جائے گا ۔

حکومت نے نیوی کی ضروریات پوری کرنے کیلئے گوادر میں خطے کا سب سے بڑا شپ بلڈنگ یارڈ بھی جلد تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔شپ یارڈ میں چین کے تعاون سے میری ٹائم پیٹرولنگ کے لیے 600اور 1500ٹن کی خصوصی بوٹس بھی تیار کی جارہی ہیں جن کی تعمیر3 سال میں مکمل ہوگی۔
نیوی حکام کا کہنا ہے کہ گوادر میں مال بردار بڑے بحری جہازوں اور پورٹ کی تنصیبات کی حفاظت کیلئے پاک بحریہ نے اپنی حکمت عملی تیار کرلی ہے جس کے تحت گوادر میں تیزرفتار میزائل بردار جہازوں پر مشتمل خصوصی اسکواڈ تعینات کیا جائے گا جس کے لیے ترکی یا چین سے بوٹس اور ٹیکنالوجی حاصل کی جائے گی۔پاک بحریہ کے 2جہاز اس وقت بھی گوادر کی حفاظت کے لیے تعینات ہیں۔اس کے علاوہ چین کی بحری افواج بھی پاکستان کے ساتھ مل کر گوادر پورٹ اور اس کے ذریعے کی جانے والی ٹریڈ کی حفاظت کا فریضہ انجام دیںگی۔

حکام کا مزید کہنا ہے کہ پاک بحریہ کو گوادر کی سیکیورٹی کے لیے وسائل سی پیک کی سیکیورٹی کے اسٹریٹجک یونٹ سے فراہم کیے جائیں گے۔ پاکستان نیوی اپنی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے زیادہ تر مقامی صلاحیتوں پر انحصار کرے گی۔
ترکی کے تعاون سے کراچی شپ یارڈ میں پاکستان کا پہلا فلیٹ ٹینکر تیار کیا جارہا ہے جو آئندہ سال کے وسط تک پاک بحریہ کے حوالے کردیا جائے گا، اس ٹینکر کے ذریعے آپریشنز پر مامور بحری جہازوں کو کھلے سمندر میں ہی ایندھن، پانی، خوراک اور ضرورت کی دیگر اشیا کی ترسیل کی جائے گی یہ ٹینکر پاکستان نیوی کی صلاحیتوں میں اضافے میں اہم کردار ادا کرے گا ، ٹینکر میں 8ہزار ٹن ایندھن، ایک ہزار ٹن میٹھا پانی اور کھلا کارگو ذخیرہ کرنے کی وسیع گنجائش ہے۔ یہ ٹینکر پاکستان نیوی کے زیراستعمال چین اور نیدرلینڈ کے ٹینکرمیںسے ایک ٹینکر کا متبادل بنے گا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close