بلوچستان

طالبہ کی خودکشی، وزیرِ اعلیٰ نے تحقیقاتی کمیٹی بنا دی

 بلوچستان کے وزیر اعلیٰ نواب ثناء اللہ نے مسلم باغ سے تعلق رکھنے والی ایک طالبہ کی موت کی تحقیقات کے لیے تین رکنی کمیٹی قائم کر دی ہے۔

ثاقبہ نامی طالبہ مسلم باغ میں خواتین کے کالج میں سیکنڈ ایئر کی طالبہ تھی اور اس کے رشتہ داروں نے الزام عائد کیا ہے کہ اس نے کالج کی پرنسپل کے رویے سے دلبرداشتہ ہو کر خود کشی کی۔

ایک سرکاری اعلامیے کے مطابق وزیر اعلیٰ نے اس واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متاثرہ خاندان سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کالج کی پرنسپل اور کلرک کو بھی تا حکمِ ثانی معطل کر دیا ہے۔

ثاقبہ کے بھائی عزیز اللہ نے بتایا کہ ان کی بہن نے میٹرک کے امتحان میں ضلع بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کی تھی۔

انھوں نے بتایا کہ گرلز کالج میں کوالیفائیڈ اساتذہ کی تعیناتی کے لیے کچھ عرصہ بیشتر ان کی بہن نے کوئٹہ میں دوسرے طالبات کے ہمراہ مظاہرہ کیا تھا۔

عزیز اللہ کے مطابق مظاہرے میں شرکت کرنے پر کالج کی پرنسپل نے احتجاج کرنے والی لڑکیوں کے نام خارج کر دیے تھے۔

انھوں نے الزام عائد کیا کہ پرنسپل نے امتحان کے لیے ان کی بہن کا فارم بھی نہیں بھجوایا جس پر ثاقبہ نے دلبرداشتہ ہوکر خودکشی کی۔

کالج کی پرنسپل کا موقف جاننے کے لیے جب ان سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی تو ان کا موبائل فون مسلسل بند ملا۔

تاہم کالج کے بعض دیگر ذرائع نے طالبہ کی خود کشی کے حوالے سے لگائے جانے والے الزامات کو مسترد کیا ہے۔

صوبائی وزیر تعلیم نے کہا ہے کہ اس واقعے کی تحقیقات کے لیے تین رکنی تحقیقاتی کمیٹی قائم کی گئی ہے جو تین سے چار روز کے اندر رپورٹ پیش کرے گی ۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close