اسلام آباد

ہر پاکستانی سپاہی کی قدر کرتا ہوں، فوجی ترجمان کے بیان پر جواب الجواب مناسب نہیں، احسن اقبال

نیویارک: وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ میں نے کسی کا دل دکھانے کی بات نہیں کی تھی اور پاکستان کے ہر سپاہی کی قدر کرتا ہوں۔ نیویارک سے اپنے بیان میں وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ فخر ہے کہ پاک فوج آپریشن رد الفساد کر رہی ہے، حکومت ردالفساد کیلئے پیٹ کاٹ کر پیسے دے رہی ہے۔ میں پاکستان کے ہر سپاہی کی قدرکرتا ہوں مگر ہمارے بھی جذبات ہیں، پاک فوج کی قربانیوں پر ناز ہے، میں نے کسی کا دل دکھانے کی بات نہیں کی تھی تاہم معیشت کے حوالے سے بیان کی وضاحت ضروری تھی۔ وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ حکومت ملک کی معیشت کی بہتری کے لئے کام کر رہی ہے، ہمیں فخر ہے کہ پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچا لیا، دنیا میں پاکستان کو پانچویں بہترین معیشت کے طور پرتسلیم کیا جارہا ہے اور مایوسی کے سقراط کی طرف نہ دیکھا جائے کیونکہ ان کا کام صرف مایوسی پھیلانا ہے، جو غلط فہمیاں پیدا کرنا چاہتے ہیں اور ہر وقت تیلیاں لگانےکو تیار رہتےہیں انھیں مایوسی ہوگی۔

وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ اداروں کےدرمیان ہم آہنگی کی ضرورت ہے، فوج اور حکومت کے درمیان کوئی اختلاف نہیں، فوجی ترجمان کی وضاحت آگئی ہے تو معاملہ ختم ہو گیا تاہم جواب الجواب دینا مناسب نہیں، سب پاکستانی گلدستے کی طرح ہیں، پاکستانیوں کے مختلف رنگ اس کی خوبصورتی ہے، نسل یا زبان کی تفریق کریں گے تو پاکستان کو تقسیم کر دیں گے۔ احسن اقبال نے کہا کہ سی پیک کو متنازع بنانے کے بجائے مسئلہ کشمیر حل کرایا جائے، کشتی کا ایک سوار اپنا چپو چھوڑ کر دوسرے کا چپو چلائے تو معاملہ خراب ہوتا ہے، سب ایک ہی کشتی میں سوار ہیں، مل کر کوشش کریں گے تو منزل پر پہنچیں گے۔ واضح رہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کے معیشت پر بیان پر ردعمل دیتے ہوئے احسن اقبال نے کہا تھا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کو معیشت پر بیانات اور تبصروں سے گریز کرنا چاہیے جس پر گزشتہ روز میجر جنرل آصف غفور نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ان کا کوئی بیان ذاتی نہیں پوری فوج کا موقف ہوتا ہے، اس لیے وزیر داخلہ کے بیان پرانہیں بطور سپاہی اور پاکستانی دکھ ہوا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close