اسلام آباد

امریکہ نے پاکستانی وزارت داخلہ کو دیئے 9 ہیلی کاپٹر واپس لے لئے

اسلام آباد: دہشت گردی کیخلاف جنگ میں امریکہ کی طرف سے بر سرپیکار اتحادی پاکستان کو دئیے گئے مزید 5 ہیلی کاپٹر واپس لے لئے گئے۔ امریکہ نے نائن الیون حملوں کے بعد سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے دور حکومت 2002ء میں پاک افغان سرحد پر انسداد منشیات کے حوالے سے مانیٹرنگ کیلئے 9 ہیلی کاپٹر پاکستان کو دئیے تھے، انکے اخراجات بھی امریکی حکومت برداشت کرتی تھی۔ یہ ہیلی کاپٹر وزارت داخلہ کے ایئر ونگ کے پاس تھے جو اینٹی نارکوٹکس فورس کو دیدئیے گئے، جبکہ انسداد دہشتگردی آپریشنز میں بھی استعمال ہوئے، انہیں زیادہ تر بلوچستان میں استعمال کیا جا رہا تھا، ان کا انتظام امریکہ نے اپنے پاس رکھا تھا اور ہیلی کاپٹروں کے استعمال کے لئے پہلے امریکی عملہ ان کی کلیئرنس دیتا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عملے کو پاکستان کا پانچ پانچ سال کا ویزہ جاری کیا جاتا تھا۔ تاہم امریکی انتظامیہ کے مطالبہ پر 4 ہیلی کاپٹر 15 اکتوبر کو واپس بھیج دئیے گئے تھے، باقی 5 ہیلی کاپٹر لینے کیلئے امریکی طیارہ گزشتہ روز یہاں پہنچا جو آج صبح واپس روانہ ہوگیا۔ ذرائع کا کہنا ہے وزارت داخلہ کے ایئر ونگ کے پاس اب کوئی ہیلی کاپٹر نہیں اور صرف 3 سیسنا طیارے رہ گئے ہیں، لہذا امریکی ہیلی کاپٹرز کی واپسی سے پاک افغان سرحد کی نگرانی سمیت دہشتگردی کیخلاف آپریشن متاثر ہونگے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close