Featuredاسلام آباد

سعودی عرب کی ترقی و خوشحالی میں پاکستانیوں کا کردار انتہائی اہم قرار

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے معاشی تعلقات ایک نئے دور میں داخل ہو چکے ہیں، سعودی عرب کی ترقی و خوشحالی میں پاکستانیوں کا کردار انتہائی اہم رہا ہے۔

ریاض میں سعودی وزیر تجارت سے ملاقات کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے معاشی تعلقات ایک نئے دور میں داخل ہو چکے ہیں، آنے والے دنوں میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت کا حجم بڑھانے کے حوالے سے بھر پور اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ اور سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے پوری طرح فعال ہے۔

سعودی وزیر تجارت نے کہا کہ سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان آل سعود کی واضح ہدایات کے مطابق ہم پاکستان کو سرمایہ کاری اور تجارت کے حوالے سے ترجیح دے رہے ہیں، سعودی تاجر برادری اور سرمایہ کاروں کا وفد جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔

سعودی وزیر تجارت کا کہنا تھا کہ اگلے ایک سے ڈیڑھ سال کے دوران دونوں ممالک کے معاشی اور تجارتی تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جانے کے لئے اہداف کا تعین کیا جا رہا ہے، دونوں ممالک کے نوجوانوں میں سعودی عرب اور پاکستان دوستی کے حوالے سے جذبات مزید اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔

قبل ازیں وزیراعظم شہبازشریف سے ورلڈ اکنامک فورم اجلاس کے خصوصی اجلاس کے موقع پر بل گیٹس نے ملاقات کی ہے۔ بل گیٹس نے بطور وزیراعلیٰ شہبازشریف کی قیادت میں حفاظتی ٹیکوں اور پولیو پروگرام کی تعریف کی اور اس طرز عمل کو ملک بھر میں پھیلانے کی تجویز دیدی۔

وزیراعظم شہبازشریف نے بل گیٹس کے ساتھ مل کر کام جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ بل گیٹس نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ مستقبل کی نسلوں کو مہلک بیماری سے بچانے کیلئے بہت ضروری ہے۔

خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف دورہ سعودی عرب کے تیسرے دن آج ریاض میں ایک اور مصروف دن گزاریں گے، وزیراعظم عالمی اقتصادی فورم کے خصوصی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ وزیراعظم اجلاس کے اختتامی سیشن سے خطاب بھی کریں گے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close