اسلام آباد

نقیب کے قاتلوں کی گرفتاری کے لیے تمام وسائل استعمال کریں گے، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ نقیب اللہ محسود کے قاتلوں کی گرفتاری کے لیے تمام وسائل استعمال کریں گے کیوں کہ نقیب کا معاملہ صوبائی حکومت کا نہیں بلکہ ریاست کا معاملہ ہے۔ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے محسود اور وزیر قبائل کے جرگے نے ملاقات کی جس میں نقیب اللہ محسود کے ماورائے عدالت قتل اور وزیرستان میں قبائل کو درپیش مسائل کے حوالے سے بات چیت کی گئی، ملاقات میں گورنر خیبر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑا اور وزیر اعظم کے مشیر امیر مقام بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران جرگے نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا کہ نقیب اللہ محسود کے ماورائے عدالت قتل کے ذمہ داران کو فوری گرفتار کیا جائے۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے جرگے کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ نقیب اللہ کا معاملہ صرف صوبائی حکومت کا نہیں بلکہ ریاست کا معاملہ ہے اس لیے نقیب کے قاتلوں کی گرفتاری کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے جب کہ نقیب اللہ محسود کے نام پر وزیرستان میں ایک کالج بھی تعمیر کیا جائے گا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پوری قوم قبائلی علاقوں کے عوام کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے جبکہ بارودی سرنگوں کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں کو حکومت کی جانب سے مناسب معاوضہ فراہم کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ نقیب اللہ سمیت 4 نوجوانوں کو ماورائے عدالت قتل کرنے کے الزام میں سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کو اپنی پوری پولیس پارٹی سمیت معطل کردیا گیا ہے جس کے بعد سے وہ روپوش ہیں جبکہ سپریم کورٹ نے سندھ پولیس کو راؤ انوار کو گرفتار کرنے کا حکم بھی دیا ہوا ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close