اسلام آباد

خیبر پختونخوا، اسلام آباد اور راولپنڈی میں طوفان

بالائی پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں طوفانی ہواؤں کے باعث عمارتیں اور درخت گرنے سے کم سے کم 14 افراد ہلاک اور 149 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

اسلام آباد اور راولپنڈی میں درختوں کے سڑکوں اور گاڑیوں پر گرنے سے کم سے کم 19 افراد زخمی ہوئے جبکہ اسلام آباد کی ایک کچی بستی میں مکان گرنے سے نو افراد ہلاک ہوگئے۔

اسلام آباد پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں ایک خاتون اور تین بچے شامل ہیں۔

راولپنڈی پولیس نے نامہ نگار شہزاد ملک کو بتایا کہ ڈھوک حسو کے علاقے میں عمارتیں گرنے اور بجلی کا کرنٹ لگنے سے پانچ افراد ہلاک جبکہ شہر میں 130 کے قریب لوگ زخمی ہوئے ہیں۔

تیز آندھی کی وجہ سے پاکستان کےدارالحکومت اسلام آباد کے سیکٹر آئی الیون میں واقع سبزی منڈی میں لگنے والی آگ کے پھیلنے کے خدشے کے پیشِ نظر فائر بریگیڈ کو بلایا گیا۔ بعد میں آگ پر قابو پا لیا گیا۔ آگ تیز ہواؤں کے باعث بجلی کی تاریں گرنے سے لگی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ راولپنڈی میں 148 کلومیٹر کی رفتار سے ہوائیں چلیں جس کے باعث کئی بل بورڈ گر گئے۔ محکمے کے مطابق اسلام آباد میں 120 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے آندھی آئی۔

اسلام آباد کی سیونتھ ایونیو اور دیگر سڑکیں درخت اور بجلی کے کھمبے گرنے سے بند ہو گئیں اور میٹرو سٹیشنز کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔ راولپنڈی اور اسلام آباد کے درمیان چلنے والی میٹرو بس سروس کو بھی عارضی طور پر بند کر دیا۔

تیز ہواؤں کے باعث اسلام آباد کی بلند ترین عمارت سینٹورس کے شیشوں کو بھی نقصان پہنچا۔

اسلام آباد کے علاوہ صوبہ خیبر پختونخوا کے کئی شہروں میں طوفانی ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی۔

پشاور میں حکام کا کہنا ہے کہ طوفانی ہواؤں کی وجہ سے ایک مکان کی چھت گر گئی جس میں ایک خاتون اور ان کا چھ ماہ کا بچہ ہلاک ہو گیا جبکہ دیگر دو افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

خیبر پختونخوا میں پی ڈی ایم اے اپ کے مطابق پشاور، پبی اورنوشہرہ میں شدید آندھی اور بارش سے کم سے کم پانچ افراد ہلاک ہوئے جن میں پشاور میں تین، نوشہرہ یں ایک جبکہ چارسدہ میں ایک شخص ہلاک ہوا اور چار لوگ زخمی ہوئے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آندھی کی رفتار 110 تا 130 کلو میٹر فی گھنٹہ تھی جس سے کئی مکانات کی چھتیں، دیواریں سمیت بہت سے مقامات پر درخت جڑوں سے اکھڑ گئے ہیں اور بعض مقامات پر درخت بجلی کے تاروں اور کمبوں پر گرنے سے بجلی معطل رہی۔

پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ یونٹ پشاور اور نوشہرہ کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ متاثرہ عوام کو فوری ریلیف پہنچائے اور نقصانات کا تخمینہ لگانے کے لیے مختلف ٹیمیں تشکیل دے۔

ادھر پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق اسلام آباد میں موسم کی خرابی کے باعث ’یہاں آنے والی ملکی اور غیر ملکی پروازوں کی آمدورفت متاثر ہوئی ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ دبئی، لاہور ،کراچی اور دیگر شہروں سے اسلام آباد آنے والی پروازوں کا رخ لاہور ایئر پورٹ کی جانب موڑ دیا گیا

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close