اسلام آباد

پاکستانی حکام سے ملاقاتوں میں ’فائر بندی پر اتفاق کیا گیا‘: افغان سفیر

پاکستانی فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے بدھ کو ایک نیوز بریفنگ میں کہا کہ طورخم میں پاکستانی سرحد کے اندر گیٹ کی تعمیر پر اعتراض کسی طور درست نہیں۔

پاکستان کے سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری نے اسلام آباد میں تعینات افغان سفیر حضرت عمر زخیلوال کو وزارت خارجہ طلب کر کے طورخم میں حالیہ فائرنگ میں پاکستانی فوج کے ایک میجر کی ہلاکت پر شدید احتجاج کیا۔

پاکستانی حکام کے مطابق 13 جون کو طورخم کے مقام پر افغان فورسز کی فائرنگ میں زخمی ہونے والے میجر علی جواد خان منگل کو پشاور کے ایک اسپتال میں دم توڑ گئے تھے۔

اُدھر پاکستان میں افغانستان کے سفیر حضرت عمر زخیلوال نے ایک بیان میں کہا کہ بدھ کو اُن کی پاکستان کے متعلقہ حکام سے ہونے والی ملاقاتوں میں طورخم میں فائربندی، کشیدگی میں کمی اور سرحد کے دونوں جانب فوجی اضافہ کم کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

افغان سفیر نے ایک تحریری بیان میں کہا کہ طورخم کے بارے میں پاکستانی قائدین سے ملاقاتیں سود مند رہی۔

واضح رہے کہ افغان سفیر نے بدھ کی صبح ایک الگ بیان میں کہا تھا کہ 13 مئی کو پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل سے اُن کی ملاقات میں طورخم کے مقام پر گیٹ کی تعمیر کے حوالے سے اتفاق نہیں ہوا تھا اور اُن کے بقول اس کی طرح خبریں بے بنیاد ہیں۔

پاکستان کے سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری نے بدھ کو افغان سفیر سے ملاقات کے بعد ایک بیان میں افغانستان کی طرف سے سامنے آنے والے اُن بیانات کو بھی مسترد کیا جن میں کہا جا رہا ہے کہ گیٹ کی تعمیر دونوں ملکوں کے درمیان طے پانے والے معاہدوں کی خلاف ورزی ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close