Featuredاسلام آباد

عالمی وبا کی تیسری لہر کے دوران سب سے زیادہ کیسز 17 اپریل کو رپورٹ ہوئے

پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے) نے کورونا وائرس کے باعث جاں بحق ہونے والے ڈاکٹروں اور پیرا میڈکس کے اعداد و شمار جاری کردیے

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 869 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 104 مریض دم توڑ گئے۔

یومیہ کیسز کی یہ تعداد 16 مارچ کے بعد کم ترین ہے جب 2 ہزار 351 افراد وائرس سے متاثر پائے گئے تھے۔

عالمی وبا کی تیسری لہر کے دوران سب سے زیادہ کیسز 17 اپریل کو رپورٹ ہوئے تھے جن کی تعداد 6 ہزار 127 تھی۔

علاوہ ازیں اب تک ملک میں 19 ہزار 210 افراد کورونا وائرس کے سبب لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

پی ایم اے کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں اب تک کووِڈ 19 کے باعث 202 ڈاکٹرز جبکہ 30 پیرا میڈکس جاں بحق ہوچکے ہیں۔

ان میں سے 74 کا تعلق پنجاب بشمول اسلام آباد، 65 کا سندھ، 53 کا خیبر پختونخوا، 6 کا بلوچستان، 3 کا آزاد کشمیر جبکہ ایک ڈاکٹر گلگت بلتستان سے تعلق رکھتے تھے۔
وفات پانے والوں میں 24 میڈیکل افسران، 19 جنرل فزیشن، 13 ماہرِ امراض اطفال،

11 اینیستھیٹسٹس، 10 انتظامی عہدوں پر فائز، 9 پروفیسر آف میڈیسن، 9 ماہرِ امراض ناک کان گلہ، 7 ماہرِ امراض نسواں، 6 پیتھالوجسٹس، 6 ماہر نفسیات، 4 آرتھوپیڈکس، 4 پلمنولوجسٹس، 4 دندان ساز، 3 اوپتھلمولوجسٹس، 3 پوسٹ گریجویٹ زیر تربیت ڈاکٹرز، 3 ریڈیولوجسٹس، 2 سرجنز اور 2 ماہر امراضِ قلب شامل ہیں۔

یہ بھی پڑ ھیں: پڑوسی ملک بھارت کورونا وائرس سے شدید متاثر ہے

پی ایم اے کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر قیصر سجاد نے حکومت سے درخواست کی ہے کہ ذاتی تحفظ کی اشیا (پی پی ای) کی بلاتعطل فراہمی سے تمام ڈاکٹروں اور پیرا میڈکس کا تحفظ کیا جائے۔

کورونا وائرس کے لیے مختص ہسپتالوں میں کام کرنے والے ڈاکٹرز جانتے ہیں کہ وہ کووِڈ مریضوں کا علاج کر رہے ہیں اور محتاط رہتے ہیں لیکن جنرل پریکٹیشنرز اور دیگر اسپیشلسٹ ڈاکٹروں کو علم نہیں ہوتا کہ ان کا مریض وائرس سے متاثر ہے یا نہیں۔

ڈاکٹرز زیادہ خطرات کی زد میں ہیں اس لیے کورونا کے لیے مختص ہسپتالوں اور صحت کی دیگر سہولیات میں کام کرنے والے تمام ڈاکٹرز کووڈ 19 کے خلاف جنگ میں صفِ اول کے سپاہی ہیں۔

ڈاکٹر قیصر سجاد نے کہا کہ حکومت کو ہیلتھ ورکرز کے لیے ویکسین لازم قرار دے دینی چاہیے کیونکہ اس سے ان کے زندگی بچانے میں مدد ملے گی۔

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر تیدروس ایدھانوم نے کہا ہے کہ ‘عالمی’ سطح پر اب ہم کووِڈ کیسز اور اموات کی ہموار سطح دیکھ رہے ہیں اور سب سے زیادہ متاثرہ امریکا اور یورپ سمیت زیادہ تر خطوں میں کمی کا رجحان ہے۔

یہ ایک ناقابل قبول بلند ہموار سطح ہے جس میں گزشتہ ہفتے کے دوران 54 لاکھ نئے کیسز اور 90 ہزار اموات رپورٹ ہوئیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close