اسلام آباد

پاناما کیس کا فیصلہ: سیاسی جماعتوں نے بھی حکمت عملی تیار کرلی

اسلام آباد: پاناما کیس کا فیصلہ سنائے جانے سے قبل سیاسی  جماعتوں نے بھی اپنی اپنی حکمت عملی تیار کرلی ہے۔ تفصیلات  کے مطابق پاناما کیس کا فیصلہ سنائے جانے سے قبل  حکمراں جماعت مسلم لیگ (ن)،تحریک انصاف، جماعت اسلامی اور عوامی مسلم لیگ نے بھی اپنی اپنی حکمت عملی تیار کرلی ہے، وزیراعظم نواز شریف نے کارکنان کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ سپریم کورٹ نہ جائیں بلکہ متعلقہ افراد ہی پاناما کیس کے فیصلے کے لئے سپریم کورٹ جائیں۔

دوسری جانب پاناما فیصلے کے لیے پاکستان تحریک انصاف کے 15 ارکان کو سپریم کورٹ کے پاسز جاری کردیئے گئے ہیں اور پارٹی کی مرکزی قیادت ہی سپریم کورٹ جائے گی تاہم عمران خان نے پارٹی کارکنان کو سپریم کورٹ نہ جانے کی ہدایت کی ہے۔ تحریک انصاف کی جانب سے چیئرمین عمران خان، نائب صدر شاہ محمود قریشی، جہانگیر ترین، شفقت محمود، علیم خان، اسد عمر، عامر کیانی، شعیب صدیقی، عارف علوی، اسحاق خاکوانی، شریں مزاری، نعیم الحق، اعجاز چوہدری، فواد چوہدری، نعیم بخاری، اور سرور خان سپریم کورٹ جانے والوں میں شامل ہیں۔

پاناما کیس میں فریق جماعت اسلامی کی جانب سے سراج الحق کے ہمراہ سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ، نائب امراء اسد اللہ بھٹو اور میاں اسلم سپریم کورٹ جائیں گے جب کہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید اپنی جماعت کی نمائندگی کریں گے۔

ادھر پیپلزپارٹی نے پاناما کیس کے فیصلے کے بعد کی حکمت عملی میں سولو فلائٹ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت نے فیصلہ کیا ہے کہ کوئی بھی احتجاجی تحریک چلانے کی ضرورت پڑی تو گرینڈ الائنس کی کوشش کی جائے گی اور جو بھی حکمت عملی تیار کی جائے گی اس میں اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلا جائے گا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close