خیبر پختونخواہ

ہمارے جرگہ سسٹم کو نہ چھیڑا جائے، فاٹا گرینڈ جرگہ

فاٹا: فاٹا گرینڈ جرگہ نے سپریم اور پشاور ہائی کورٹ کی فاٹا تک رسائی کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارا اپنا جرگہ سسٹم ہے، اس کو نہ چھیڑا جائے اور نہ ہی پختونوں کی روایات کو تبدیل کرنے کی کوشش کی جائے کیونکہ پہلے ہی سے ہمارا مکمل سیٹ اپ موجود ہے، جس میں ہمارا سول مجسٹریٹ اور اپیل کے ٹریبیونل موجود ہے، تو پھر کیوں ہم پر ایک ایسا نظام لاگوں کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، جس میں سالوں میں فیصلہ نہیں ہوتا۔ اپنے مشترکہ بیان میں فاٹا گرینڈ جرگہ کے کوآرڈینیٹر ملک صلاح الدین، ملک مرجان، ملک اسماعیل، ملک بہادر شاہ، ملک رحیم، ملک باز گل اور دیگر مشران کا کہنا تھا کہ فاٹا کے عام لوگ اور یوتھ بھی ہمارے ساتھ اس مطالبے میں شریک ہیں اور انکا بھی یہی مطالبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے حکومت پاکستان کو بار بار کہا ہے کہ فاٹا کے عوام پر زور زبردستی سے فیصلے نہ توپے جائیں کیونکہ اس کی وجہ سے حکومت کو بے شمار مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے حکومت کو یہ بھی کہا ہے کہ فاٹا کے عوام کی رائے لی جائے اور وہ جو فیصلہ کریں، اس کے مطابق ان کے مستقبل کا فیصلہ کیا جائے۔ جرگہ مشران کا کہنا تھا کہ اس سے بڑی زیادتی اور کوئی نہیں ہوگی کہ دو تین لوگوں کو مقدم رکھتے ہوئے ان کی مرضی کے مطابق فاٹا کے لاکھوں لوگوں کے مستقبل کا فیصلہ کیا جائے۔ اس لئے ہم جملہ فاٹا گرینڈ جرگہ مشران حکومت وقت سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اپنا فیصلہ دینے سے پہلے فاٹا کے عوام سے ضرور پوچھے کہ وہ کیا چاہتے ہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close