خیبر پختونخواہ

آرمی چیف کا شمالی وزیرستان کا دورہ

شمالی وزیرستان: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے شمالی وزیرستان کا دورہ کیا جس میں انہوں نے پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے کے عمل کا جائزہ لیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے شمالی وزیر ستان کے دورے کے موقع پر انہیں نقل مکانی کرنے والے افراد کی بحالی سے آگاہ کیا گیا اور علاقے میں جاری سماجی و ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے میرانشاہ میں یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ اس موقع پر کور کمانڈر پشاور بھی آرمی چیف کے ہمراہ تھے۔ دوسری جانب آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کرک میں محمد علی خان کے گھر بھی گئے جہاں انہوں نے مادر وطن پر اپنے پیاروں کو قربان کرنے والے خاندان کو سلام پیش کیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا محمد علی خان کے گھر آنے پر اپنے ویڈیو پیغام میں کہنا تھا کہ اس خاندان کی حب الوطنی کی کوئی قیمت نہیں، ایسے بہادر والدین اور بیٹوں کی موجودگی میں پاکستان کو کوئی خطرہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئی رقم ان کی حب الوطنی اور قربانیوں کی قیمت نہیں چکا سکتی، ان کی قربانیاں ہی ہمیں پرامن اور مستحکم پاکستان کی طرف لے جارہی ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے عظیم قربانی دینے و الے خاندان کو سلام پیش کیا ہے۔ کرک کے رہائشی محمد علی خان کے 8 بیٹے ہیں جن میں 3 وطن کے دفاع کیلئے شہید ہوچکے ہیں اور 3 ایف سی پاک فوج میں اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ محمد علی خان کے شہید ہونے والے بیٹوں میں نائب صوبیدار عمر دراز، حوالدار شیر دراز اور لانس نائیک خورشید شامل ہیں۔ کرک کے رہائشی محمد علی خان کے 4 بھتیجے بھی پاک فوج میں خدمات انجام دے رہے ہیں جبکہ ان کے 2 بھتیجوں نے بھی جام شہادت نوش کیا۔ محمد علی خان نے دورہ کرنے اور گاؤں کیلئے فلاحی پیکج دینے پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close