پنجاب

پاراچنار دھماکوں کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے، آرمی چیف

راولپنڈی: سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پاراچنار دھماکوں کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا جب کہ متاثرین کو بلاتفریق امداد فراہم کی جائے گی۔

 

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ حالیہ واقعات کو نسلی اور فرقہ وارانہ رنگ دینے کی سازش دشمن ایجنسیوں اور اسپانسرڈ غیر ریاستی عناصر کی جانب سے کی جارہی ہے۔ ہمارے دشمن دہشت گردی کے ذریعے ہمیں تقسیم کرنے میں ناکام ہوگئے ہیں جس کے بعد وہ فرقہ واریت اور نسلی تعصب کو ہوا دے کر ہمیں تقسیم کرنا چاہتے ہیں اور اس کا جواب ہمیں قومی اتحاد کا مظاہرہ کرکے دینا چاہیے۔

 

پاک فوج کے مطابق پاکستان کے دشمنوں کی ہمیں بدنام کرنے کی مذموم سازش کو نادانستہ طور پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر فروغ دیا جارہا ہے جو کہ افسوس ناک ہے اور ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اس کا ادراک کریں۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق اس سلسلے میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ فرقے اور نسل سے بالاتر ہوکر ہر شہید اور زخمی ہمارے لیے برابر ہے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے یہ بھی کہا کہ ہم سب پاکستانی اور مسلمان ہیں جو پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتوں کے حقوق کا مکمل طور پر احترام کرتے ہیں۔ پاک فوج کے مطابق آرمی چیف نے قوم کو تقسیم کرنے کی مذموم مہم کو شکست دینے کے لیے حالیہ دنوں میں تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علماء سے رابطے بھی کیے ہیں۔

آرمی چیف نے اس بات کی یقین دہانی بھی کرائی ہے کہ پاراچنار دھماکوں کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا جبکہ متاثرین کو بلاتفریق امداد فراہم کی جائے گی۔ آرمی چیف کا یہ بھی کہنا تھا کہ فاٹا سمیت ملک بھر میں سیکیورٹی کی صورتحال کو بہتر کرلیا گیا ہے اور کسی صورت اسے دوبارہ خراب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

دوسری جانب وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے بھی سوشل میڈیا کے ذریعے ملک میں فرقہ واریت کو ہوا دینے اور عدم استحکام پھیلانے کی کوششوں کا نوٹس لیتے ہوئے ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ کو مذموم ایجنڈے کے پیچھے کارفرما عناصر کی نشاندہی اور ان کے خلاف کاروائی کی ہدایت کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اس وقت متعدد چیلنجز کا سامنا ہے، قومی اتحاد اور ہم آہنگی کی آج جتنی ضرورت ہے شاید پہلے کبھی نہ تھی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close