پنجاب

ملک تباہ ہورہا ہے، یہ لوگ میری گھڑی کے پیچھے پڑے ہیں

جب ہماری تیاری ہوگی تو اسمبلیاں تحلیل کریں گے

لاہور: اگر مجھے نااہل قرار دیا گیا تو الیکشن کمیشن کی مزید کوئی عزت نہیں رہے گی

عمران خان کا کہنا تھا کہ پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ میں نے اپنی گھڑی بیچی تو اس پر شور مچا ہوا ہے، یہاں ملک تباہ ہورہا ہے اور لوگ گھڑیوں کا معاملہ لے کر بیٹھے ہوئے ہیں

لاہور میں ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ اگر ملک ڈیفالٹ کرگیا تو ان لوگوں کو کوئی فرق نہیں پڑے گا، نیب ترامیم کے ذریعے یہ سب بچ جائیں گے ، راناثنااللہ، مریم نواز اور اب سلیمان شہباز بھی کرپشن سے پاک ہوجائے گا۔

نئے آرمی چیف کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ نیا آرمی چیف آیا ہے اسے وقت دینا چاہیے، نئے آرمی چیف حافظ قرآن ہیں اور ان کی بہت تعریفیں سنی ہیں ہم تو ان سے بہت امید لگائے بیٹھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں مہنگائی کا سب سے زیادہ شور مچایا ہوا تھا لیکن اب پاکستان میں 50 سال میں سب سے زیادہ مہنگائی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ اگر مجھے نااہل قرار دیا گیا تو الیکشن کمیشن کی مزید کوئی عزت نہیں رہے گی، اپنے اعلان کے مطابق دسمبر میں ہی اسمبلیاں تحلیل کریں گے، جب ہماری تیاری ہوگی تو اسمبلیاں تحلیل کریں گے، سب کو پتا ہے کہ انہیں ملک کے طاقتور نے این آر او ٹو دیا۔

توشہ خانہ کی گھڑیوں کے معاملے میں عمران خان کا کہنا تھا کہ یہاں ملک تباہ ہورہا ہے اور لوگ گھڑیوں کا معاملہ لے کر بیٹھے ہوئے ہیں، پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ میں نے اپنی گھڑی بیچی تو اس پر شور مچا ہوا ہے، میری ذاتی گھڑی تھی میں بیچوں یا جو کچھ کروں یہ میری مرضی ہے، میں میڈیا سے پوچھتا ہوں کہ وہ ملک تباہ ہونے اور لوگوں کے معاشی قتل عام پر خاموش کیوں ہے؟

قبل ازیں اپنے ٹوئٹس میں عمران خان نے کہا کہ اگر کوئی یہ سمجھنا چاہتا ہے کہ پاکستان کی معیشت تباہی کے نرغے میں کیوں ہے تو اس کے لیے محض دو واقعات ہی کافی ہیں، 75 سالہ سینیٹر اعظم سواتی کو زیر حراست تشدد کا نشانہ بنایا گیا، انہیں ان کے پوتے پوتیوں کے سامنے پیٹا گیا، ایک حصے کو گرا کر ان کے گھر پر جبراً تالے چڑھائے گئے۔

عمران خان نے کہا کہ قوانین کو مکمل نظر انداز اور انسانی حقوق کو صریحاً پامالی کرتے ہوئے درج کیے گئے درجنوں مقدمات کے ذریعے اعظم سواتی کو ایک سے دوسرے صوبے میں گھسیٹنے کا سلسلہ جاری ہے، اس کے برعکس اربوں روپے کی کرپشن اور منی لانڈرنگ میں ملوث سلمان شہباز نامی ایک اشتہاری کو (این آر او ٹو کے ذریعے) جھاڑ پونچھ کرکے پاک صاف کردیا گیا ہے اور وہ پاکستان لوٹ آیا۔

چیئرمین تحریک انصاف نے مزید کہا کہ رسولِ مکرّم ﷺ کی وہ حدیثِ مبارکہ ہر کسی کے پیشِ نظر رہنی چاہیے جس میں انہوں نے خبردار کیا تھا کہ ناانصافی کیسے قوموں کو تباہی سے دوچار کرتی ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close