پنجاب

انتہا پسندی پرقابو پانے کیلئے غربت کا خاتمہ ضروری ہے، شہبازشریف

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کا کہنا ہے کہ غریب عوام کی حالت زارمیں بہتری حکومتی ترجیحات کا حصہ ہیں اورحکومت نے غربت کے مسئلے پر قابو پانے کے لئے انقلابی پروگرام شروع کر رکھے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے معاشرے سے غربت و افلاس کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پرپیغام میں کہا کہ آج کے دن کا یہی پیغام ہے کہ غربت، محرومی اور عدم مساوات کے خاتمے معاشرے کا ہر فرد اپنا کردار ادا کرے کیونکہ افلاس کے خاتمے کیلئے کوششیں معاشرے کے ہر فرد کی اخلاقی، قومی اور سماجی ذمہ داری ہے، اس دن کا مقصد افلاس کی زندگی گزارنے والے خاندانوں کے حقوق کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے، یہ دن غربت اور محرومی کی زندگی گزارنے والے لوگوں کی مشکلات کو کم کرنے کیلئے اقدامات کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے اور غریب اور نادار افراد کی مدد کرنا دین اسلام کا درس ہے۔
وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ غربت معاشرے میں بگاڑ اور امن و امان کے مسائل پیدا کرنے کا باعث بنتی ہے، انتہا پسندی اور دہشت گردی کے مسئلے پر قابو پانے کے لئے غربت کا خاتمہ ضروری ہے، معاشی ناہمواری ختم کرکے غربت کے ناسور کو بہت حد تک کم کیا جا سکتا ہے، معاشرے سے غربت کے مکمل خاتمہ کیلئے مربوط انداز میں اقدامات کرنے کی ضرورت ہے اور وسائل کی منصفانہ تقسیم کے ذریعے افلاس کے خلاف جنگ جیتی جاسکتی ہے۔
شہبازشریف نے غربت کے حوالے سے مزید کہا کہ غربت سے متعلق مسائل میں کمی لانے کیلئے موثر اقدامات اور ٹھوس حکمت عملی کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا، حکومت نے غربت کے مسئلے پر قابو پانے کے لئے انقلابی پروگرام شروع کررکھے ہیں، حکومت پنجاب کے فلاحی پروگراموں سے صوبے کے لاکھوں غریب خاندان مستفید ہو رہے ہیں، غریب عوام کی حالت زار میں بہتری حکومتی ترجیحات کا حصہ ہیں جب کہ عدم مساوات کے خاتمے کے لئے مذہبی رہنماؤں، علماء اور میڈیا کا کردار بھی خاص اہمیت کا حامل ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close