سندھ

شاہ محمود اپنا گروپ تشکیل دینا چاہتے تھے، ہم نے معذرت کی، عمران اسماعیل

سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے وائس چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے بیان کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنا گروپ تشکیل دینا چاہتے جس پر ہم نے معذرت کی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی نے اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے گفتگو میں کہا تھا کہ سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل ان سے ملنے جیل آئے تھے اور ملاقات کے دوران انہیں پی ٹی آئی چھوڑنے کا کہا تھا۔

تاہم، سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ایک بیان میں عمران اسماعیل نے شاہ محمود قریشی کے بیان کی تردید کردی ہے۔

اپنے بیان میں عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ میری شاہ محمود قریشی سے جیل میں ملاقات ہوئی تھی لیکن میں نے ان سے کبھی پی ٹی آئی چھوڑنے کی بات نہیں کی۔

عمران اسماعیل نے انکشاف کیا کہ شاہ محمود قریشی نے ملاقات کی خواہش خود کی تھی جس کے بعد وہ ان سے ملے۔

سابق گورنر سندھ نے کہا کہ یہ ملاقات شاہ صاحب کی خواہش پر ہوئی تھی، شاہ صاحب اپنا گروپ تشکیل دینا چاہتے تھے جس پر ہم نے ساتھ دینے سے معذرت کی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close